عوامی شکایات کو تیز رفتاری سے حل کرنے کا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے عوامی شکایات کو تیزرفتار اور مختصر وقت میں حل کرنے کا حکم جاری کیا ہے اور واضح کیا کہ آپریشنز افسران فیلڈ میں کام کرتے نظر آئیں اور کوئی بھی افسردفتروں مین نہ بیٹھے۔ مستقل مسائل کا مستقل اور جامع حل تلاش کیا جائے۔ مختلف ڈائریکٹوریٹس کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام آپریشنز افسران شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لئے توجہ مرکوز رکھیں اور مقرر کردہ ٹائم فریم کے دوران تمام شکایات کا ازالہ ممکن بنایا جائے۔ ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ واسا ہیلپ لائن نمبر 1334 سمیت دیگر پلیٹ فارمز پر درج کروائی گئی شکایات میں کمی لائی جائے اور یہ کمی اسی وقت ممکن ہو گئی جب افسران اپنے دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں کام کرتے نظرآئیں گے۔ سیوریج، واٹر سپلائی اور ڈرینج کے حوالے سے شکایات کو جلد سے جلد حل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ ٹائون کے علاقہ میں کمپلینٹ بڑھ رہی ہے ان کو کم سے کم وقت میں حل کرنے کے لئے جامع اور موثر اقدامات کئے جائیں اور دستیاب تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے واضح کیا کہ شہریوں کوفراہمی و نکاسی آب کی سروسز ڈیلیوری میں مزید بہتری کے لئے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے اور اس پر بھرپور سپرٹ کے ساتھ عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ واسا ہیلپ لائن 1334 مکمل فعال ہے اور شہری اس پر اپنی شکایات کا اندراج کروائیں جبکہ آپریشنز افسران اور سٹاف ان شکایات کو بروقت حل کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔ اجلاس میں ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر سروسز اکرام اللہ چوہدری ، ڈائریکٹر آپریشنز مخدوم بابر ، فاروق نجیب ، ڈائریکٹر واٹر عثمان ضیا ، ڈائریکٹر ڈرینج فرحان اکرم و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں