عوامی شکایت کا ازالہ کیا جارہا ہے’ایم ڈی واسا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے کہا ہے کہ شہریوں کی سیوریج اور واٹر سپلائی شکایت کا ازالہ ترجیحی بنیادوں پر کیا جارہا ہے۔ محکمہ کا ٹال ہیلپ لائن نمبر 1334مکمل فعال ہے جس پر چوبیس گھنٹے شکایت درج کروائی جا سکتی ہے جس پر مقرر کردہ ٹائم فریم میں رسپانس کرنا لازمی ہے۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ محدود وسائل کے باوجود شہریوں کو نکاسی اور فراہمی آب کی معیاری سروسز مہیا کرنے کے لئے کوشاں ہے جبکہ آپریشنز فیلڈ سٹاف درج شدہ شکایات کے ازالے کے لئے متحرک ہیں۔ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ سیوریج اور ڈرینج لائنز کی ڈی سلٹنگ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور ڈی سلٹنگ کی سخت مانیٹرنگ بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔ ڈی سلٹنگ کی مہم کے نتیجے میں سیوریج مسائل کی شکایات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے تاہم پھر بھی اگر شہریوں کو سیوریج ایشوز کا سامنا ہے تو وہ واسا کے ٹال فری نمبر 1334پر اپنی شکایات اندراج کروا سکتے ہیں جس پر فوری رسپانس کرنا لازمی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ شہری سیوریج اور ڈرینج لائنز میں ملبہ، شاپرز، پلاسٹک اشیا، بوتلوں سمیت دیگر اشیا نہ پھینکیں کیونکہ ایسا کرنے سے لائنز میں بلاکیج ہوجاتی ہے جس سے شہریوں اور واسا کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں