65

عوام سے کئے جانیوالے وعدوں کو پورا کرنے کا عزم (اداریہ)

مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی زیرصدارت پارٹی کی پنجاب پارلیمانی پارٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں لیگی ممبران سمیت آزاد ارکان بھی شریک ہوئے جبکہ مخصوص نشستوں کیلئے نامزد ارکان نے بھی شرکت کی، اجلاس میں 218 ارکان شریک ہوئے’ مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے محترمہ مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے نامزد کرنے پر قیادت کے فیصلے پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور قیادت کے فیصلے کی توثیق کر دی، پارلیمانی پارٹی نے محترمہ مریم نواز پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قیادت میں عوام کے مسائل حل کیلئے بھرپور عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر بات چیت کے دوران محترمہ مریم نواز نے کہا کہ میں پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کو الیکشن میں کامیاب کیا، 16ماہ کی حکومت میں مشکل فیصلوں کے بعد یہ انتخابات مشکل تھے، نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کا اعزاز پاکستان کی ہر ماں’ بہن’ بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں، پارٹی قائدین میاں محمد نواز شریف’ میاں محمد شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں، ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور صدر کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لیکر چلیں گے اور ان کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کرینگے، محترمہ مریم نواز نے جس عزم کا اظہار کیا وہ عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے اور ایک نئے جذبے وعزم کے ساتھ عوام کی خدمت کے نئے سفر کا آغاز کیا جائے تو عام آدمی کو درپیش مشکلات کے حل میں بڑی مدد ملے گی، الیکشن مہم کے دوران عوام سے کیا جانے والا ایک ایک وعدہ پورا کرنا چاہیے، مسلم لیگ (ن) نے پارٹی منشور میں جو کچھ کہا ہے اسے کر کے دکھانا چاہیے، محترمہ مریم نواز کا یہ کہنا بھی خوش آئند ہے کہ ہم سب نے مل کر ملک وقوم کی دن رات خدمت کرنی ہے، ہمیں بہت کام کرنا ہے، ہیلتھ’ تعلیم’ لوکل گورنمنٹ کے شعبے میں بہت چیلنجز ہیں، پنجاب میں سیوریج’ صاف پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، پنجاب کے 297 حلقوں کو 297 ڈسٹرکٹ کے طور پر دیکھنا ہے، سیف سٹی پراجیکٹس کو تمام شہروں تک لیکر جانا ہے، محفوظ پنجاب پروگرام پر بھی عمل کرنا ہے، خواتین کے لیے تھانوں میں بہتری لانا ہے، ماڈل ویمن پولیس سٹیشن بنانا ہے، ٹریفک کا بہت بڑا مسئلہ ہے اور ٹریفک کے نظام میں بہتری لانی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے نامزد محترمہ مریم نواز نے لوگوں کو درپیش مشکلات کے حل اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے جو کام کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے اس کو پورا کرنے کیلئے شب وروز بھرپور محنت’ لگن اور ذمہ داری کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہو گی اور ہماری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ انہیں کامیابی عطا فرمائے، عوام کے اعتماد پر پورا اترنا کسی بھی سیاسی رہنماء کے لیے بڑا اعزاز ہوتا ہے اور اگر محترمہ مریم نواز نے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو کر عوام سے کئے جانے والے وعدوں کو پورا کر دکھایا تو یہ ان کی بڑی کامیابی ہو گی، واضح رہے کہ 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں صوبوں میں حکومت کے لیے عوام کی طرف سے واضح مینڈیٹ دیا گیا جبکہ مرکز میں مینڈیٹ منقسم تھا اس لئے حکومت سازی میں کچھ مشکلات تھیں، الیکشن کے بعد کئی روز تک غیر یقینی کے بادل چھائے رہے جو کسی طور پر بھی ملک وقوم کے مفاد میں نہیں تھے، یہ بات خوش آئند ہے کہ اب حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے مابین معاملات طے پا چکے ہیں تو غیر یقینی کی صورتحال یکسر ختم ہو گئی ہے، وفاق میں حکومت سازی پر اتفاق کے بعد سٹاک مارکیٹ میں بھی زبردست تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ وفاق اور صوبوں میں بننے والی حکومتیں اپنے وعدوں کو پورا کرنا اولین ترجیح بنائیں تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں