عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کارلانیکا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی بہبود کے انقلابی اقدامات کے تحت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی قیادت میں ڈویژن کے چاروں اضلاع میں میونسپل سروسز کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے تمام وسائل کو ایک ایک تحصیل میں یکجا کرکے محکمے اہداف کی تکمیل کیلئے کمر بستہ رہے۔ کمشنرراجہ جہانگیر انور نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصراور سپیشل اسسٹنٹ ٹو چیف منسٹر پنجاب شعیب مرزا کے ہمراہ جڑانوالہ کا دورہ کیا۔وہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گئے اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرکے طبی وانتظامی امور دیکھے۔انہوں نے مریضوں سے ادویات ملنے کے بارے میں دریافت اور میڈیسن سٹور میں ریکارڈ چیک کیا۔انہوں نے صفائی کا معیاردیکھااور بعض حصوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر برہمی کا اظہار کرکے اصلاح کی تاکید کی۔کمشنر نے مریضوں کے لواحقین کے لئے بیٹھنے کے بہترین انتظامات کو سراہا۔انہوں نے مشینری کی ورکنگ حالت کا جائزہ لیا اور کہا کہ صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات مریضوں تک بلارکاوٹ پہنچانے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنر اور معاون خصوصی کے ہمراہ جڑانوالہ میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لئے میگا پراجیکٹ پر بریفنگ لی۔اس موقع پر بتایا گیا کہ منصوبہ مارچ2026 تک مکمل کرلیا جائے گا۔میگا پراجیکٹ سے شہری آبادیوں کو سیوریج کی معیاری سہولت دستیاب ہوگی۔انہوں نے مرکزی قبرستان میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ بھی کیا۔علاوہ ازیں واسا،ہارٹیکلچر ایجنسی کی ٹیمیں میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے جڑانوالہ میں سرگرم رہیں اور تمام ضلعی سربراہان اپنے وسائل کے ساتھ جڑانوالہ کے عوام کو سروسز فراہم کرنے کے لئے متحرک نظر آئے۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیرانورتحصیل جڑانوالہ سے ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ پہنچ گئے اورڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وارڈز میں بیڈز کی چادریں اور کمبل صاف ستھرے ہونے چاہیں۔انہوں نے مریضوں کے لواحقین کے بیٹھنے کے لئے معیاری انتظار گاہ بنانے کی تاکید کی اور 15 یوم کی ڈیڈ لائن دی۔کمشنر نے صفائی کا معیار مزید بہتر بنانے ہدایت،مریضوں سے ادویات ملنے،مشینری چالو ہونے کی تصدیق بھی کی۔انہوں نے ٹیکو پارک کا دورہ کرکے پارک میں واکنگ ٹریک بنانے سمیت پلانٹیشن،تفریحی سہولیات میں اضافہ کی ہدایت کی۔انہوں نے شکرگنج پارک کا بھی دورہ کیا اور پارک میں سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے مریم نوازاوپن ایئر لائبریری بھی دیکھی۔کمشنر نے سرکاری اراضی پر معیاری فوڈ سٹریٹ کے قیام کی پیشرفت پر بریفنگ لی اوراہم پراجیکٹ کو فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے جنرل بس سٹینڈ کا بھی دورہ کیا اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کا تسلسل قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تحصیلوں کے وزٹس کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں