10

عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے احسن اقدامات (اداریہ)

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ کارڈیک کیتھ لیب پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کا حکم دیا ہے، یقینی طور پر اس سے لوگوں کو علاج معالجہ کی بہتر سہولتوں کی فراہمی میں بڑی مدد ملے گی، پنجاب حکومت کی احسن کارکردگی کو ہر مکتبہ فکر میں سراہا جا رہا ہے، قبل ازیں بیرون ملک ملازمت کے خواہش مند نوجوانوں کی مالی معاونت کا اعلان بھی کیا گیا اور پنجاب کا ڈومیسائل رکھنے والے ایک لاکھ افراد کیلئے بلاسود مالی معاونت کا اعلان کیا گیا، ”پرواز کارڈ پروگرام” کے تحت بیرون ملک نوکری کے خواہش مند ایک لاکھ افراد کے لیے بلاسود مالی معاونت کا اعلان خوش آئند ہے، اس اقدام سے وہ بیرون ملک جا کر اپنے روزگار کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکیں گے، اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کیلئے اہلیت کا معیار یہ ہے کہ 18سال یا اس سے زائد عمر کے افراد، جن کا ڈومیسائل پنجاب کا ہو، بیرون ملک سے مستند جاب آفر پر اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے اور اہل افراد کو بلاسود قرضہ دیا جائیگا جس سے وہ سفری اخراجات اور دیگر ضروریات پوری کر سکیں گے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے پنجاب حکومت کے اس اقدام سے ہزاروں نوجوانوں کو معاشی استحکام حاصل کرنے کا موقع ملے گا، اس اقدام کا مقصد نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے بلکہ اس سے ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنایا جا سکے گا، ضرورت اس امر کی ہے کہ اس منصوبے پر عملدرآمد جلد شروع کر دیا جائے اور اس کے لیے شفاف درخواست اور منظوری کو یقینی بنایا جائے تاکہ مالی معاونت صرف اہل اور مسحق نوجوانوں تک پہنچ سکے، قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی سربراہی میں آسان کاروباری فنانس سکیم نے کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں، آسان کاروبار فنانس اور آسان کاروبار اسکیم کے لیے چھ ماہ کے قلیل عرصہ میں 70ارب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کئے گئے، پنجاب میں پہلی بار آسان کاروبار کارڈ اور فنانس سکیم سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملا اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوئے، اس حقیقت سے ہر خاص وعام آگاہ ہے کہ آسان فنانسنگ اور آسان کاروبار کارڈ اسکیم کا مقصد پنجاب میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے اس سے کاروبار بڑھے گا، بیروزگاری کم ہو گی جس سے محنت کشوں کا چولہا چلے گا جبکہ اس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 90اب روپے کے بلاسود قرضے فراہم کرنیکا پروگرام ہے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ پنجاب حکومت عوام کو معیاری اور بہترین علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے اور وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ کارڈیک کیتھ لیب پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے اقدامات کا حکم دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ ہم پنجاب کے ہر شہری کیلئے معیاری اور بہترین علاج کی سہولت ہر شہری کی دہلیز پر فراہم کرنے کا وعدہ ضرور نبھائیں گے، جدیدترین کیتھ لیب میں علاج پنجاب حکومت کا بہترین اقدام ہے
اس سے امراض قلب سے پیچیدگیوں کا بچائو بھی ممکن ہو گا، ضلعی سطح پر کیتھ لیب بننے سے ہیلتھ کیئر سسٹم میں بہتری اور بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم ہو گا، کیتھ لیب میں انجیوگرافی’ انجیوپلاسٹی اور پرائمری پی سی آئی کی سہولت بھی میسر ہو گی اور مریضوں کی زندگیاں بچانے میں بڑی مدد ملے گی، پنجاب کے کئی اضلاع میں کیتھ لیب جلد فنکشنل کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے، ڈسٹرکٹ کارڈیالوجی سنٹر میں کارڈیالوجسٹ اور تربیت یافتہ سٹاف کی تعیناتی کیلئے اقدامات کا آغاز ہر ڈسٹرکٹ میں بننے والی سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیک کیتھ لیب میں عالمی ایس او پیز کے مطابق امراض قلب کا بہترین علاج ہو گا، ضلعی ہسپتالوں میں سپیشلسٹ اور کارڈیک ڈاکٹروں کی تعیناتی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے جس سے یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہو گئی ہے کہ عوام کیلئے روزگار اور بہترین علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں سرفہرست ہے، یہ بات یقینی ہے کہ ان اقدامات سے لوگوں کو بہترین سہولتیں میسر ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں