ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کے ہسپتا لو ں میں شہریوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس ضمن میں ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی انتظامیہ متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعیم سندھو کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذیشان لبھا مسیح نے بنیادی مرکز صحت چک نمبر 388 ج ب کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مرکز صحت میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیا ت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہ راست ملاقاتیں کیں اور مفت ادویات کی دستیابی، ڈاکٹروں کی حاضری اور پیرا میڈیکل سٹاف کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے طبی عملے کے مثبت رویے اور مفت ادویات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ذیشان لبھا مسیح نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ عوام کو صحت کی بہترین سہولیات بلا تفریق فراہم کی جائیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور تمام ہسپتالوں میں معیار کو برقرار رکھنے کے لیے باقاعدہ نگرانی جاری رہے گی۔



