لاہور (بیورو چیف) صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجہ اور مفت ادویات کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔شوگر اور دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے ادویات فوری طور پر فراہم کی جا رہی ہیں تا کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی فراہمی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی ایچ کیو ہسپتال، حافظ آباد کے دورہ کے موقع پر کیا۔ سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ،ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق،ایم پی اے میاں شاہد حسین بھٹی،ٹکٹ ہولڈر شیخ گلزار احمد سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران اس موقع پر موجو د تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے شعبہ ایمر جنسی، میڈیکل وارڈ، سرجیکل وارڈ، فارمیسی، ڈائلسز یونٹ،لیبارٹری اور دیگر شعبہ جات کا دورہ کر تے ہوئے وہاں مریضوں کو دستیاب علا ج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے علاج معالجہ کی سہولیات بارے فیڈ بیک بھی لیا۔خواجہ عمران نذیر کاکہنا تھا کہ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کو تمام ادویات مفت فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبہ بھر کی عوام کو معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں اور وزیر اعلیٰ کا ویژن ہے کہ عوام کو صحت کی تمام بنیادی سہولیات انکے ڈور سٹیپ پر فراہم کی جائیں۔اس موقع پر سابق وفاقی وزیر سائرہ افضل تارڑ نے صوبائی وزیر سے اپیل کی کہ حافظ آباد میں دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اس لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں انجیو گرافی کی سہولت فراہم کی جائے جس پر صوبائی وزیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے لیے انجیو گرافی اور تمام ادویات کی وافر فراہمی کا یقین دلایا۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال میں لوکل پرچیز میڈیسن کا آڈٹ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کے دورہ سرجری وارڈ، یورالوجیسٹ وارڈ میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور عوام کے بہتر فیڈ بیک پر یورالوجیسٹ ڈاکٹر ظہور احمد کو تعریفی لیٹر جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔صوبائی وزیر نے ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹرمعین الدین کو ہدایت کی کہ مریضوں کے رش کے پیش نظر مختلف وارڈز میں ڈاکٹر ز کی تعداد میں اضافہ اور ایمر جنسی و او پی ڈی میں کاؤنٹرز کی تعداد بھی بڑھائی جائے۔صوبائی وزیر نے آر ایچ سی سکھیکی میں گردوں کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کے لیے الگ سے کمرے تعمیر کروانے کی بھی یقین دہانی کر وائی
9