فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر حیدر علی خان نے ضلع جھنگ کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتا ل 466ج ب اور سول ویٹرنری ہسپتال کوٹ لکھنا نہ کا معائنہ کیا۔انہوں نے ادویات کی دستیابی، صفائی کی صورتحال، ریکارڈ مینجمنٹ اور ہسپتالوں میں فراہم کی جانیوالی مجموعی سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ وزیراعلی پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کی ریکوری سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ریکوری کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوام کو ہر صورت معیاری ویٹرنری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔بعد ازاں انہوں نے ضلع جھنگ میں زیر تعمیر ڈائیگناسٹک لیبارٹری کے منصوبے کا بھی دورہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا جائزہ لیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔بعد ازاں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک جھنگ کے دفتر میں تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز کے ساتھ آن لائن زوم میٹنگ کی جس میں پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کی ریکوری اور دیگر محکمانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک نے پنجاب لائیوسٹاک کارڈ کی ریکوری کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ فیلڈ مانیٹرنگ کو مثر بنایا جائے،مویشی پال حضرات کے ساتھ روابط کو مضبوط کریں اور مقررہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی کامیابی کے لئے ٹیم ورک اور احساسِ ذمہ داری نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے ضلع جھنگ میں لائیوسٹاک سروسز کی مزید بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔




