عوام کو پر امن احتجاج سے روکنا ناقابل قبول ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان فلاح پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین سید آفتاب عظیم بخاری نے اپنے بیان میں کہاہے کہ عوام کو پرامن احتجاج سے زور زبردستی اور جبر کے ذریعے روکنا ناقابلِ قبول ہے۔ پاکستان کے دشمن کا واحد ایجنڈا افراتفری ہے جس کے تحت وہ عوام اور پاکستان کے اداروں کے درمیان بداعتمادی پیدا کرنا چاہتا ہے۔ پرامن احتجاج عوام کاقانونی آئینی حق ہے۔ حکمرانوں کو اسے گولی لاٹھی کے ذریعے ختم کرنے کی سوچ کو ترک کرنا ہوگا فلسطین کی حمایت میں احتجاج کی کال دینے کے جرم میں مذہبی سیاسی تنظیم کے رہنمائوں کی گرفتاریاں اور انکے مرکز پر دھاوا وشیلنگ قابل مذمت ہیں۔ ساری دنیا میں فلسطینیوں کی حمایت میں احتجاج ہو رہے ہیں۔ مگر پاکستان میں اس کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔ تمام سیاسی و تنظیمی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر فلسطینی بھائیوں کے لیے آواز اٹھائیں۔ عوام پرامن احتجاج کررہے ہیں، طاقت کا استعمال ان کے دلوں پر مزید زخم ہے۔مسائل کا حل صرف مذاکرات اور مثبت اقدامات سے ممکن ہے، جبر سے نہیں۔ عوام پاکستان کا سرمایہ اور باعزت شہری ہیں، ان کے جائز مطالبات سننا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عوامی آواز کو دبانا قومی مفاد کے خلاف اور دشمن قوتوں کے لیے فائدہ مند ہے۔ ہم پرامن جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔حکومت طاقت کے بجائے تحمل اور برداشت کا راستہ اپنائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو۔ریاست کو ماں کا کردار ادا کرنا چاہیے اور عوام کی آواز کو دبانے کے بجائے سننا وقت کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں