عوام کی صحت کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے،ممبر پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کی صدارت ممبر صوبائی اسمبلی چوہدر ی امجد علی جاوید اور ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کی۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف ندیم، ایم ایس ڈاکٹر شباب عالم سمیت دیگر ممبران شریک ہوئے۔اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں کی کارکرد گی، ڈاکٹرز کی کمی، خالی آسامیوں پر بھرتیوں اور شہریو ں کو صحت کی بہتر سہولیات کی فراہمی سے متعلق اہم امور زیر غور آئے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں 100فیصد ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔تھیلیسیمیا سنٹر کے لیے 20بیڈز مختص کرنے کے ساتھ ساتھ طبی آلات، ڈائیلاسز مشین پارٹس اور PCR کٹس کی خریداری کی منظوری بھی دی گئی۔ ٹراما سینٹر، آکسیجن پلانٹ اور نیٹ میٹرنگ منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔چوہدری امجد علی جاوید نے کہا کہ عوام کی صحت کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں صحت کے شعبہ میں جامع اور مثبت اصلاحات کی جا رہی ہیں، جس سے عوام کو جدید علاج معالجہ کی سہولیات میسر آئیں گی۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے کہا کہ معیاری اور بروقت طبی سہولیات عوام کا بنیادی حق ہیں۔ صحت عامہ کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ہسپتالوں میں سہولیات میں واضح بہتری لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں