عوام کے جان ومال کیساتھ لائیو سٹاک کا تحفظ بھی ہماری ذمہ داری ہے’ کمشنر راجہ جہانگیر انور

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت سیلابی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں جھنگ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران فیصل آباد، جھنگ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرز نے دریاں میں موجودہ سیلابی صورتحال اور انتظامی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں سیلاب سے بچائو کے انتظامات، متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور ریلیف آپریشنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر نے متعلقہ محکموں کو حفاظتی بندوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ امدادی مشینری کی بروقت فراہمی اور ریلیف آپریشنز میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لئے راشن اور ضروری اشیائے خورونوش کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔مزید برآں لائیو سٹاک کے تحفظ کے لئے خصوصی اقدامات پر بھی زور دیا گیا۔کمشنر نے متاثرہ دیہاتوں میں جانوروں کے علاج معالجے، چارے اور دیگر ضروری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ عوامی جان و مال کے ساتھ ساتھ خوراک اور لائیو سٹاک کا تحفظ بھی ہماری اولین ترجیح ہے اور انتظامیہ اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں