عیدالاضحی پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی کیلئے ہنگامی مراکز قائم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پرچیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلاتعطل ترسیل کیلئے ریجن بھر میں ہنگامی مراکز قائم کردئیے ہیں تمام فیلڈ سٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیں اور فیسکو ہیڈکوارٹرز میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے جس کی نگرانی جنرل منیجر آپریشن عمر حیات گوندل اور چیف انجینئر آپریشن محمد سعید کریں گے۔ریجن کے چھ آپریشن سرکلز کے شکایات سنٹرز پر عملہ کو 24گھنٹے تین شفٹوں میں ڈیوٹی دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس سلسلے میں چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئرمحمد عامر کاکہنا ہے کہ عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران صارفین کو بجلی کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنایا جائے گاجس کیلئے تمام تراقدامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔تمام فیلڈ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور آپریشن/فیلڈ کے افسران و سٹاف کو اپنے اپنے سٹیشنز پر الرٹ رہنے کاحکم دیاگیا ہے۔سب ڈویژنوں کو ایمرجنسی سے نمٹنے کیلئے ٹرانسفارمر ٹرالیاں اوردیگر سامان جاری کر دیا گیا ہے۔ بجلی بندش کے علاوہ کسی بھی قسم کے فالٹ /ٹرپنگ یا ایمرجنسی صورت حال میں عملہ ہمہ وقت حاضر ہوکر فی الفور بجلی بحالی کے اقدامات کریگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ فیسکو کا عزم ہے کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر شہری علاقوں کے علاوہ دوردراز کے دیہاتی علاقوں میں بھی بجلی کی بلا تعطل سپلائی جاری رکھی جائے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیاں بھرپور طریقے سے مناسکیں۔انھوں نے اس موقع پر صارفین بجلی سے اپیل کی کہ وہ جانوروں کو بجلی کی تاروں کے نیچے،کھمبوں اور سٹے وائر سے ہرگز نہ باندھیں اور قربانی کے مقدس فریضہ کے ادائیگی کے بعد ان کی آلائشیں فیسکو کے کھمبوں اور دیگر برقی تنصیبات کے نیچے یا قریب مت پھینکیں کیونکہ آپ کے اس عمل سے کوے چیلیں وغیرہ گوشت کے ٹکڑے و آنتیں وغیرہ اٹھا کر دیگرتنصیبات پر بیٹھتے ہیں اور شارٹ سرکٹ، ٹرانسفارمر جلنے سمیت دیگر نقصان کا سبب بنتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بجلی بندش کی صورت میں فرسٹ سرکل کے صارفین اپنی شکایات کا اندراج فون نمبر 041-9200641,0370-1813109 پر، سیکنڈ سرکل کے صارفین فون نمبر 041-9330063,0345-1502298 پر، جھنگ سرکل کے صارفین فون نمبر 047-7502649,0370-1813305پر، سرگودھا سرکل کے صارفین فون نمبر 048-9232378,0370-1813409 پر، میانوالی سرکل کے صارفین فون نمبر 0459-920036,0370-1813506 پر اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سرکل کے صارفین 046-9201119,0370-1813609 پر کر اسکتے ہیں۔ مزید برآں صارفین اپنی شکایات کااندراج ہیلپ لائن نمبر 118، ٹال فری نمبر 0800-66554 اور ایس ایم ایس سروس 8118 کے ذریعے بھی کرواسکتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیاجائے گا۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئرمحمد عامرکاکہنا ہے کہ فیسکو کا عزم ہے کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر شہری علاقوں کے علاوہ دوردراز کے دیہاتی علاقوں میں بھی بجلی کی بلا تعطل سپلائی جاری رکھی جائے تاکہ وہ بھی عید کی خوشیاں بھرپور طریقے سے مناسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں