عیدالاضحی کی آمد،منافع خوروں نے لوٹ مار کا بازار گرم کردیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کی آمد میںدو روز باقی’ مویشی منڈیوں’ گلی’ محلوں میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ شروع جبکہ قربانی کے جانور کی خریداری سے لیکر ذبح ہونے تک کے مراحل میں مہنگائی انتہا کو پہنچ گئی، بیوپاریوں’ لوڈنگ’ چارہ’ چھریاں تیز’ آرائشی سامان فروخت کرنے والوں اور قصابوں نے ات مچا دی’ سبزیاں اور پھل عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو گئے، ہر کوئی من مرضی کے ریٹ وصول کرنے لگا، سنت ابراہیمی ادا کرنے والے پریشان’ کوئی پوچھنے والا نہیں، ضلعی انتظامیہ نے مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں۔ تفصیل کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی کے قریب آتے ہی مہنگائی عروج پر پہنچ گئی۔ فیصل آباد کی مویشی منڈیوں میں جانوروں کی بڑی تعداد پہنچ گئی، بیوپاری بھی دل کھول کر جانوروں کی قیمتیں وصول کرنے میں مصروف’ عام شہریوں اور متوسط طبقہ کا قربانی کرنا محال ہو گیا، بیوپاری قربانی کے جانوروں کے منہ مانگے دام مانگنے لگے جبکہ مویشی منڈی سے جانور گھر تک لانے کیلئے لوڈنگ گاڑیوں نے بھی لوٹ مار کرنے لگے جبکہ چارہ فروخت کرنے والوں نے چارہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا جو چارہ عید سے قبل 60 روپے من تھا اس کا ریٹ 700 روپے من ہو گیا جبکہ چھریاں تیز کرنے والے بھی کسی سے پیچھے نہیں رہے۔ عام چھری جو چند روز قبل 200 سے 300 روپے میں ملتی تھی اس کی قیمت 800 سے 1ہزار روپے کر دی۔ جبکہ جانوروں کے آرائشی سامان فروخت کرنے والے بھی منہ مانگی قیمتیں وصول کرنے لگے اور قصابوں نے جانوروں کے ذبح کرنے کے ریٹ بھی انتہا کو پہنچ گئے، پہلے دن عام بچھڑے کے 25ہزار سے 30ہزار روپے’ بکرے کے 5ہزار سے 10ہزار روپے’ دوسرے روز بچھڑے کے ذبح کرنے کیلئے 15سے 25ہزار’ بکرے کے 3ہزار سے 7ہزار مقررہ کر دیئے، قصائیوں نے بکنگ بند کرنے پر موسمی قصائی بھی منہ مانگے ریٹ مقررہ کر رکھے ہیں۔ جبکہ عید قربانی کے موقع پر مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے ضلعی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔ سنت ابراہیمی ادا کرنے والوں کا کہنا ہے کہ خصوصی مہنگائی کرنے والوں نے قربانی کے جذبہ کو پس پشت ڈال کر لوٹ مار شروع کر رکھی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں۔ مویشی منڈیوں کے ساتھ ساتھ گلی’ محلوں میں قربانی کے جانوروں نے رونقیں’ بچے’ جوان’ بوڑھے قربانی کے جانوروں کو کھلانے پلانے اور سجانے لگے۔ شہری حلقوں نے کمشنر مریم خان’ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کھانے پینے کے علاوہ قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لیکر ذبح کرنے تک کے مراحل میں مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو لگام ڈالی جائے اور مہنگائی کے مرتکب عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عام شہری سنت ابراہیمی اپنے مذہبی جوش وجذبہ کے ساتھ منا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں