عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل سے مکمل ریلیف ملنا چاہیے،ڈپٹی کمشنر ندیم ناصر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصرنے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سیوریج آپریشنز کے ریلیف بارے آگاہی حا صل کی۔ انہوں نے نعمت آباد روڈ،نیتھڑی، جڑانوالہ روڈ نزد جلوی مارکیٹ، تیزاب ملز چوک اور کوہ نور چوک پونڈنگ پوائنٹس کا وزٹ کیا جہاں پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے سیوریج آپریشنز اور پونڈنگ پوائنٹس سے پانی کی تیز رفتار نکاسی آب کے لئے کئے جانے والے اقدامات بارے بریفنگ دی جسے ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) ندیم ناصر نے سراہا اور کہا کہ سیف آباد سب ڈویژن سمیت جڑانوالہ روڈ سے ملحقہ مختلف علاقوں میں سیوریج مسائل پر کافی حدتک قابو پالیا گیا ہے تاہم ابھی مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عیدالفطر کی آمد آمد ہے اس لئے عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو نکاسی آب کے مسائل میں مکمل ریلیف ملنا چاہیے اور کسی بھی جگہ سیوریج اوور فلو نہیں ہونا چاہیے۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسانے یقین دہانی کروائی کہ واسا فیصل آباد کی آپریشنز ٹیمیں ہمہ وقت سیوریج شکایات کے ازالے کے لئے کوشاں ہیں جبکہ تمام مشینری بھی آپریشنل ہے اور شہریوں کی شکایات مختصر ترین وقت میں حل کی جارہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عید الفطر کے موقع پر آپریشنز سٹاف ڈیوٹی پر موجود رہے گا اور شہریوں کو سیوریج آپریشنز بارے نمایاں ریلیف فراہم کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں