عید الفطر سے قبل پنجاب میں90فیصد نگہبان کارڈز تقسیم

لاہور (بیوروچیف) عید الفطر سے قبل پنجاب میں 90 فیصد نگہبان کارڈز تقسیم کر دیے گئے ہیں، جس سے مستحق خاندانوں کو مالی امداد فراہم کرنیکا عمل تیزی سے مکمل ہو رہا ہے۔ پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری (PSES) کی جانب سے 30 لاکھ کارڈز ضلعی انتظامیہ (ڈی سی آفسز) کے حوالے کیے گئے تھے، جنہیں شہریو ں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ہر نگہبان کارڈ پر ایک خاندان کو 10 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے ، تاکہ عید کے موقع پر ضروریات زندگی میں آسانی پیدا کی جا سکے۔محکمہ خزانہ نے نگہبان کارڈ اسکیم کے لیے 30 ارب روپے کا بجٹ جاری کر رکھا ہے، جس کے تحت یہ مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اسکیم کے تحت مستحق افراد کو بروقت امداد پہنچانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور بقیہ کارڈز بھی جلد تقسیم کر دیے جائیں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق، نگہبان کارڈز کی تقسیم کے بعد مستحق خاندانوں کی مالی مشکلات کم ہوں گی اور عید کے موقع پر انہیں بنیادی ضروریات کے لیے معاونت ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں