عید پر جعلساز اور ملاوٹ مافیا سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار

لاہور (بیوروچیف) میٹھی عید کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کیخلا ف بڑا ایکشن لینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، عیدالفطر پر صحت دشمن مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈائون کیا جائے گا۔حکام کے مطابق جعلساز اور ملاوٹ مافیا سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، جس کے تحت خصوصی فوڈ، میٹ اور ڈیری سیفٹی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں عید کی تعطیلات کے دوران تین شفٹوں میں چیکنگ کریں گی اور ہر قسم کی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائیں گی۔اعلامیے کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ افسران بھی فیلڈ میں موجود ہوں گے اور اشیائے خورونوش کی مکمل جانچ پڑتال کریں گے، جبکہ تمام ڈویژنل اور ضلعی افسران کو اپنی ٹیموں کی نگرانی کا پابند بنایا گیا ہے۔سویٹس یونٹس، مصالحہ جات، کاربونیٹڈ ڈرنکس، دودھ، گوشت اور سویاں سمیت چھوٹی بڑی تمام خوراکی اشیا کی چیکنگ کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ریلوے اسٹیشنز، لاری اڈوں، موٹروے سروس ایریاز، پارکس، تفریحی مقامات اور فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر بھی خصوصی نگرانی کی جائے گی۔حکام نے واضح کیا ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں پروڈکشن یونٹس اور فوڈ پوائنٹس کو سیل کرنا بھی شامل ہے، تاکہ عید کے موقع پر شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں