عید پر فیصل آباد میں قتل و غارت گری اور لوٹ مار کا بازار گرم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) عیدالاضحی کے تینوں ایام میں شہر بھر میں قتل وغارت گری اور لوٹ مار کا بازار گرم’ پولیس شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں یکسر ناکام ہو گئی، عید کے پہلے روز قربانی کے جانور فروخت کر کے واپس آنے والے تین افراد کو مخالفیننے موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ عید کے تیسرے روز ساہیانوالہ میں مخالف کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، دوستوں نے زہر دیکر ساتھی کو مار ڈالا’تاندلیانوالہ کے علاقہ میں نوجوان کی نعش برآمد جبکہ عید’ ٹرو اور مرو کے ایام میں بھی ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ سرگرم رہے اور جگہ جگہ شہریوں سے لاکھوں کا مال واسباب لوٹ کر فرار ہو گئے، پولیس خواب خرگوش کے مزے لیکر سوئی رہی۔ تفصیل کے مطابق عید کے پہلے روز چک جھمرہ کے علاقہ 161 رب میں قربانی کے جانور فروخت کرنیوالے 40سالہ محمد خان’ 42سالہ ناصر’ 19سالہ تقی عباس گھر واپس آ رہے تھے کہ راستے میں تھڑا مار کر بیٹھے مخالفین اسلم وغیرہ نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر تینوں محمد خان’ ناصر اور تقی بری طرح زخمی ہو گئے اور موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گئے، تہرے قتل کی اطلاع ملتے ہی علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، تاہم پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر کے تہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزمان اسلم وغیرہ کی تلاش شروع کر دی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتولین اور ملزمان کے درمیان پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی اور محمد خان کچھ عرصہ قبل ہی جیل سے رہا ہو کر آیا تھا۔ تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ 43ج ب میں پرانی رنجش پر کچھ عرصہ قبل پولیس مقابلہ میں مارے جانیوالے اشتہاری کی مخبری کرنے کے شبہ پر ملزمان احمد یار اور خضر نے اپنے بہنوئی 40سالہ غلام محمد ولد اﷲ دتہ کو پنڈی بھٹیاں سے اغواء کر کے گائوں لائے اور سربازار گولیاں سے بھون ڈالا۔ علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا۔ تھانہ تاندلیانوالہ کے علاقہ محلہ رسول پارک میں اشرف وغیرہ نے ہدایت علی کے جواں سالہ بیٹے علی کو گھر سے بلا کر لے گئے، راستے میں نشہ آور بوتل پلا دی، جس سے اسکی حالت تشویشناک ہو گئی، ہسپتال لے جاتے ہوئے علی نے راستے میں ہی دم توڑ دیا، پولیس نے نعش کو قبضہ میں لیکر ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔جبکہ تھانہ سٹی تاندلیانوالہ 420 گ ب میں سفاک افراد نے نامعلوم نوجوان کو بے دردی سے قتل کر کے نعش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے۔ جڑانوالہ کے علاقہ 99گ ب میں اتھرے ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فرمان کو گولی مار کر زخمی کر دیا’ گلستان کالونی میں مسلح ڈاکوئوں نے دکاندار لقمان کو گولی مار کر لہولہان کر دیا جبکہ شہر بھر میں دیگر وارداتوں کے دوران ڈاکوئوں اور چوروں کے گروہ جگہ جگہ نہتے شہریوں کو لوٹتے رہے اور پولیس سماج دشمن عناصر کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ پولیس نے عیدالاضحی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے۔ ہر سال کی طرح عیدالاضحی کے ایام میں قتل وغارت گری اور لوٹ مار کی وارداتوں پر قابو پانے میں یکسر ناکام ہو گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں