غذائی استحکام کیلئے زرعی سائنسدانوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی قومی، علاقائی اور بین الاقوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے غذائی استحکام، زراعت اور دیہی ترقی کے فروغ کے لیے غیر روایتی اور جدید حل، مؤثر تحقیقی کام اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی تیاری کے لیے پُرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقبال آڈیٹوریم میں فیکلٹی ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں غذائی استحکام جیسے عظیم مقصد کے لیے زرعی سائنسدانوں کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی جدید مہارتوں سے آراستہ ایسی افرادی قوت تیار کر رہی ہے جو صنعتی تقاضوں کو پورا کرنے اور زرعی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ تحقیق، تدریس، جدت اور توسیعی سرگرمیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ہمہ جہت کوششیں جاری ہیں تاکہ پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے تحقیق میں رہنمائی کے فروغ، مسابقتی فنڈنگ کے حصول اور اعلیٰ معیار کی تحقیقی اشاعتوں کی تیاری پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ میں ای فائلنگ سسٹم نافذ کر دیا گیا ہے جس کے ذریعے فائلوں کی ای ٹریکنگ، انتظامی کارکردگی میں بہتری، لاگت میں پائیداری، ڈیٹا سکیورٹی اور میرٹ پر مبنی حکمرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں