غزوہ بدر میں نبی کریمۖ نے اسلامی حکومت کا سنگ بنیاد رکھا

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)غزوہ بدرمیں نبی کریمۖنے اسلامی حکومت کا سنگ بنیاد ر کھا ۔ شہدا ء بدر کی اسلام کی خاطردی جانے والی قربانیوں میں امت مسلمہ کے لیے عظیم درس پوشیدہ ہے۔ دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں غزوہ بدر جیسے جذبہ ایمانی، اتحاد اورپختہ حوصلوں کی ضرورت ہے۔دین اسلام دوسرے مذاہب کا احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک ڈویژنل صد ر و ممبر ضلعی ا،من کمیٹی پروفیسرپیر محمد آصف رضا قادری نے غازی مارکیٹ میں ” یوم شہدائے بدر” کے موقع پر ‘ ‘افطار ڈنر تقریب ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام کی سربلندی کے لیے شہداء بدرکی قربانیوں اور جذبے کو اجاگر کرنا ہو گا۔حکومت غزوہ بدر کے یوم کو سرکاری سطح پر منا کر نوجوان نسل کی تربیت کرے۔ غزوہ بدرنے یہ پیغام دیا کہ جنگیں اسلحہ، سازوسامان اور خوراک کے ذخیرہ سے نہیں بلکہ جذبہ ایمانی سے لڑی جاتی ہیں۔غزوہ بدر میں مسلمانوں کی ایمانی قوت اور ثابت قدمی سے اسلام کو فتح اور کفار کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔غزوہ بدر میں مٹھی بھر مسلمانوں نے کفار کے بڑے لشکر کو اپنے جذبہ ایمانی سے شکست دی۔اسلاف کے نقش قدم پر چل کر ہم ہر میدان میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔غزوہ بدر کی فتح اسلام کی ابتدائی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس عظیم معرکہ میں اللہ تعالیٰ نے فرشتوں کے ذریعے اہل ایمان کی نصرت فرمائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں