غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری’80فلسطینی شہید

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت رکنے کا نام نہیں لے رہی، فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 80فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔غزہ میں شمالی جبالیہ کے علاقے میں کئی گھروں پر رات گئے بمباری کی گئی، جس میں 22بچے اور 15خواتین سمیت 50فلسطینی شہید ہوئے۔ اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد جبالیہ کے اسپتال میں مزید 9افراد کی لاشیں لائی گئیں جن میں سے 7بچے شامل تھے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی بمباری میں مجموعی طور پر 80فلسطینی شہید ہوئے۔اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز جبالیہ اور اردگرد کے علاقوں کے رہائشیوں کو انخلا کی وارننگ دی تھی، جس کے بعد اسرائیل کی جانب سے راکٹ داغے گئے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے شمالی غزہ میں حماس اور فلسطینی جنگجوں کو نشانہ بنایا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج کی جانب سے خان یونس کے یورپی اسپتال کے احاطہ میں 9بنکر بسٹر بم پھینکے گئے، بم پھٹنے سے کئی مقامات پر زمین پھٹ گئی۔ اسرائیلی حملے میں 28فلسطینی شہید جبکہ 70افراد زخمی ہوئے۔یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے سربراہ نے سلامتی کونسل کے اراکین پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں نسل کشی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اکتوبر 2023سے اب تک، غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تقریبا 60ہزارفلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں