غزہ میں بمباری سے مزید93فلسطینی شہید،اسرائیل عارضی جنگ بندی پر رضا مند

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے غزہ میں بمباری کرکے مزید 93فلسطینیوں کو شہید کردیا، مغربی کنارے کا دورہ کرنے والے سفارت کاروں پر بھی گولیاں چلادیں، یہودی آباد کاروں نے فلسطین کے گائوں پر حملہ کرکے آگ لگادی، مسجد کو بھی جلانے کی کوشش کی گئی۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے کے بعد زخمی بچوں کو قریبی ہسپتالوں میں لے جایا جا رہا ہے، جابلیہ میں النضر خاندان کے ایک گھر کو نشانہ بناتے ہوئے کیے گئے حملے میں 4 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ صبح سے اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ کی پٹی میں کم از کم 93 افراد شہید ہو چکے۔اسرائیلی بربریت کیخلاف عالمی سطح پر مذمت میں اضافہ ہو رہا ہے، جب کہ اسرائیلی افواج نے مغربی کنارے میں واقع جنین پناہ گزین کیمپ کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سفارت کاروں پر خبردار کرنے کے لیے فائرنگ کی۔اقوام متحدہ کے ترجمانِ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جو تھوڑی بہت انسانی امداد پہنچ رہی ہے، وہ اس جنگ زدہ علاقے کی بھوک میں مبتلا آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے قطعی ناکافی ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی غزہ پر مسلط کردہ جنگ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 53 ہزار 655 فلسطینی شہید اور ایک لاکھ 22 ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔حکومتی میڈیا دفتر کے مطابق شہادتوں کی تعداد 61 ہزار 700 سے تجاوز کر چکی ہے، ملبے تلے دبے ہزاروں افراد کو مردہ قرار دیا جا رہا ہے۔7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں کے دوران اسرائیل میں تقریبا ایک ہزار 139 افراد ہلاک ہوئے تھے، اور 200 سے زائد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔اسرائیلی آبادکاروں نے نابلس کے قریب گاں پر دھاوا بول دیا، اور آگ لگادی، اس دوران مسجد کو بھی جلانے کی کوشش کی گئی۔دریں ثناء ۔تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ امید ہے امریکا ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے سے روکے گا۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں خوراک کی تقسیم کیلئے امریکا کیساتھ مل کر منصوبہ تیار کیا ہے، جنگ کو واضح شرائط پر ختم کرنے کیلئے تیار ہیں، غزہ کو مکمل غیر مسلح کرنے کے ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے پر عمل کر رہے ہیں۔نیتن یاہو نے مزید کہا کہ حماس کو مکمل طور پر ہتھیار ڈالنے ہوں گے، 100امدادی ٹرک غزہ آئے تھے، ان میں سے تقریبا10پر حماس نے قبضہ کر لیا، امدادی سامان پر حماس کے قبضے کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں۔اقوام متحدہ نے امداد بھیجنے کا اسرائیلی دعوی مسترد کرتے ہوئے کہا اب تک ضرورت مند افراد تک امداد نہیں پہنچی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں