غزہ میں5کروڑ ٹن ملبہ سمیٹنے میں21سال لگیں گے

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ میں ہونے والی تباہی سے جو ملبہ پھیلا ہوا ہے اسے سمیٹنے میں 21سال لگ سکتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ کے اندر تباہ ہونے والی عمارتوں اور دیگر انفرا اسٹرکچر کے ملبے کو صاف کرنے میں 21سال کا عرصہ لگ سکتا ہے اور 12ارب ڈالر کی رقم خرچ ہوسکتی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں کررہی ہے اور گزشتہ روز رفح میں ملبہ صاف کرتے لوگوں پر اسرائیلی کواڈ کاپٹر (ڈرون) نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہید اور 4زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی بمباری سے تباہ شدہ عمارتوں سے فلسطینی شہدا کی لاشوں کے ملنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور اب تک 200 سے زیادہ لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں جب کہ مزید 10 ہزار سے زائد لاشیں ملبے کے نیچے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں