غزہ پر پھر بمباری،6بھائیوں سمیت37فلسطینی شہید

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں اسرائیل کے جنگی جرائم جاری ہیں، تازہ حملوں میں 6سگے بھائیوں سمیت مزید37فلسطینی شہید ہو گئے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاقے دیر البلح میں بھوکے فلسطینیوں کو خوراک فراہم کرنے میں مصروف6سگے بھائی’ جن کی عمریں 10سے 34سال کے درمیان تھیں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں شہید ہو گئے۔شہید بیٹوں کے والد زکی ابو مہدی کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے جنگ کے آغاز سے ہی ضرورت مندوں کی مدد کر رہے تھے اور ان کے پاس کوئی ہتھیار نہیں تھا۔اس کے علاوہ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی بچہ طبی امداد کی فراہمی میں خلل کے باعث جان کی بازی ہار گیا۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں ہونے والے اسرائیلی بمباری میں کم از کم 37فلسطینی شہید ہوئے۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیل کی جنگ میں اب تک کم از کم 50ہزار 944فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ حکومت کے میڈیا دفتر نے شہادتوں کی تازہ ترین تعداد 61ہزار 700سے زائد بتائی ہے کیونکہ ہزاروں افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور انہیں مردہ تصور کیا جا رہا ہے۔اسرائیل نے شمالی غزہ کے ال اہلی ہسپتال پر بمباری کی تھی جس سے ہسپتال کے متعدد بلاک تباہ ہوگئے۔حملے کے باعث ہسپتال میں زیر علاج مریض اور دیگرافراد اسپتال کی عمارت چھورڑنے پر مجبور ہوئے اور اب آس پاس کی گلیوں میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے ہسپتال پر بمباری کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ایک جرم اور بین الاقوامی قوانین و ضوابط، خصوصا بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔ اس کے علاوہ برطانیہ نے بھی ہسپتال پر حملے کی مذمت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں