غلاف کعبہ کی تبدیلی ،روح پرور تقریب آج

مکہ مکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک) نئے اسلامی سال کے آغاز پر مسجد الحرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور اور بابرکت تقریب آج نماز عصر کے بعد منعقد کی جائے گی جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔غلاف کعبہ کی تیاری اور تبدیلی کا عمل خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں انجام دیا جائے گا جس میں مسجد الحرام کے آئمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے ماہرین، اعلیٰ حکام اور خصوصی ٹیم شریک ہوگی۔غلاف کعبہ کی تیاری کا عمل انتہائی مہارت اور عقیدت سے مکمل کیا جاتا ہے جس میں دو سو سے زائد ماہر کاریگر اور فنکار شریک ہوتے ہیں، کسوہ فیکٹری میں 11ماہ کی مسلسل محنت سے تیار کیا گیا یہ نیا غلاف مجموعی طور پر 1415کلوگرام وزنی ہے۔غلاف میں 1000کلوگرام خالص سلک (ریشم) استعمال کیا گیا ہے جبکہ اس پر 120کلوگرام سونے اور 100کلو گرام چاندی سے تیار کردہ دھاگوں سے قرآنی آیات کی کشیدہ کاری کی گئی ہے، نیا غلاف چار بڑے ٹکڑوں کے ساتھ درمیانے اور چھوٹے 47حصوں پر مشتمل ہے۔تقریب کا آغاز نماز عصر کے بعد پرانے غلاف کے سنہری حصوں کو احتیاط سے ہٹانے سے ہوگا جبکہ مکمل طور پر نیا غلاف نماز عشا کے بعد کعبہ شریف پر چڑھایا جائے گا، یہ لمحے پوری امت مسلمہ کے لیے روحانی اہمیت رکھتے ہیں جسے لاکھوں فرزندان توحید دنیا بھر سے عقیدت و احترام سے دیکھتے ہیں۔یہ روایت ہر سال یکم محرم کو ادا کی جاتی ہے اور حرمین شریفین کی تاریخ میں اسے ایک عظیم الشان اور مقدس عمل کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں