غلام محمد آباد سبزی منڈی کے گرد سیوریج نے تباہی مچا دی

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)انجمن آڑھتیاں سبزی منڈی غلام محمد آبادکے صدر ملک محمد اشرف قادری ،جنرل سیکرٹری رانا محمد عمران جگنو ، سرپرست اعلی بابا عبدالسلام طور ،سینئر نائب صدر رانا خالد محمود منج ،نائب صدور چوھدری سجاد جٹ ،احسان الہی طور ،فنانس سیکرٹری ملک عبدالرشید نے کہا کہ گلیاں ،سڑکیں اور غلام محمدآباد سبزی منڈی کے ارد گرد سوریج نے تباہی مچا کر رکھ ی ہے موجودہ حالات میں تعفن اور بیماریاں تیزی سے پھیل رہی ہیں،محکمہ کو بار بار یاد دہانی کروانے کے باوجود ابھی تک کوئی کاروائی نہیں کی گئی مون سون کی موسلادھار بارشوں نے ضلعی انتظامیہ کی بد انتظامی اور واسا کی نا اہلی کا پول کھول کے رکھ دیا۔سبزی منڈی غلام محمد آباد میں پچھلے کئی دنوں سے بارش اور سیوریج کے پانی نے شہریوں کا جینا محال کرکے رکھ دیا ہے،خواتین و حضرات کیلئے منڈی میں چلنا تک دشوار ہوچکا ہے۔یہ انجمن آڑھتیاں اور ٹھیلے داروں سمیت عام شہریوںکیساتھ ظلم اور ناانصافی ہے۔محکمہ واسا نااہلی اور بدانتظامی کا گڑھ بن چکا ہے یہاں پر کرپٹ ڈائریکٹرز اور دیگر عملہ جوکرڑوں روپے تنخواہیں اور جعلی ٹی اے ڈی اے وصول کرتے ہیں ہر سال موسم برسات کی آمد سے قبل واسا اور دیگر متعلقہ ادارے نشیبی علاقوں،ڈرینیج اور دیگر معاملات کی مکمل جانچ پڑتال کرتے ہیں،صفائی ستھرائی کا مناسب انتظام کیا جاتا ہے تا کہ موسم برسات میں نکاسی آب کا مسئلہ درپیش نہ ہو مگر اس سال یہ سارا عمل اخباری خبروں اور فیس بک پوسٹوں تک محدود رہا جس کی نتیجہ پہلی بارش میں ہی سامنے آگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں