فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ ایکشن کا دائرہ مزید وسیع کردیا۔انکروچمنٹ ٹیمیں بھاری مشینری لیکر غلام محمد آباد پہنچ گئیں۔ڈپٹی کمشنر علی عنان قمر نے صدر بازار وملحقہ علاقوں میں تجاوزات کے خلاف بڑے آپریشن کی نگرانی کی۔میونسپل کارپوریشن سمیت دیگرمتعلقہ محکموں کا سٹاف اور مشینری موقع پر موجود رہی۔دکانوں کے باہر قائم تھرے، تعمیرات اور شیڈز مسمار کردیئے گئے۔فوڈ پوائنٹس کا سڑک پر پڑا سامان ضبط کرلیا گیا اوردکانوں ودیگر کاروباری شاپس کے باہر قائم ہیوی پختہ تجاوزات کا صفایا کرادیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن شہر بھر میں جاری ہے۔کسی کو مرضی سے تعمیرات قائم کرکے ٹریفک کا نظام خراب نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں دکاندار حدود میں رہ کر بزنس کریں۔شہری حلقوں کے مطابق تجاوزات قائم ہونے سے بازارتنگ راستوں کا منظر پیش کررہے تھے لیکن تجاوزات مافیا کا قلع قمع کرنے پر ضلعی انتظامیہ کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔تجاوزات کے باعث فٹ پاتھس غائب اورسڑکوں پر ٹریفک روانی شدید متاثر تھی،تجاوزات کے خاتمہ سے بازاروں وشاہرات کا حسن دوبالا ہوا ہے۔
35