79

غلام محمد آباد میں نوجوان قتل ، ٹائر پنکچر ہونے سے MTM کی بس الٹ گئی

فیصل آباد /جڑانوالہ (سٹاف رپورٹر /نامہ نگار) غلام محمد آباد کے علاقہ رسول پورہ میں اوباش نوجوان قتل’ جبکہ جڑانوالہ روڈ پر ٹائر پنکچر ہونے سے MTM کی بس اُلٹ گئی’ تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ غلام محمد آباد کے علاقہ رسول پورہ کے رہائشی مقتول دانش علی ولد انور کے ملزم افتخار عرف بھولا کی اہلیہ سے ناجائز مراسم تھے اور خاتون کو سبز باغ دکھا کر مقتول نے ملزم سے طلاق دلوا کر خود خاتون سے شادی کر لی، جس کا ملزم افتخار کو شدید رنج تھا، اور ان کا کئی مرتبہ اس بات پر جھگڑا بھی ہوا تو اہل محلہ نے بیچ بچائو کروا کر صلح کروا دی۔ تاہم گزشتہ شب دوبارہ جھگڑا ہوا تو مشتعل ملزم افتخار عرف بھولا وغیرہ نے گھر کے باہر بیٹھے دانش عرف مانی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ مسعود ٹیکسٹائل ملز کی بس ورکرز کو لیکر جا رہی تھی کہ جڑانوالہ کھرڑیانوالہ روڈ پر موتی والا سٹاپ کے قریب ٹائر پنکچر ہونے پر بس الٹ گئی جسکے نتیجہ میں بس میں سوار 3 ورکرز نفر علی ساکن 381 گ ب، خالد ساکن 580 گ ب، گل فراز ساکن 128 گ ب زخمی ہو گئے، اطلاع پر ریسکیو اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا جہاں انکی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں