46

غیر حاضر اور جوائننگ نہ دینے والے واسا و ملازمین کیخلاف کارروائی کا حکم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز نے غیر حاضر اور اپنی پوسٹ پر جوائننگ نہ دینے والے افسران و ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ انہوں نے حاضری کا جامع اور موثر میکنزم بنانے کی بھی تاکید کی ہے۔واسا ہیڈ آفس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صارفین کا اعتماد مزید بحال رکھنے کے لئے ان کی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ترجیحات میں سرفہرست ہے اور اس حوالے سے کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائیگی۔ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ ایسے افسران و سٹاف جو پوسٹنگ کے بعد جوائننگ دینے میں تاخیر کریں یا اپنی ڈیوٹی سے غیر حاضر رہیں ان کی سیلری میں ان دنوں کی کٹوتی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے اپنی شکایات سے آگاہی کے لئے تمام افسران فون کال لازمی اٹینڈ کریں جس سے محکمہ کا امیج مزید بہتر ہو گا۔مینجنگ ڈائریکٹر نے ایڈمنسٹریشن ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ ڈپٹی ڈائریکٹر سے سب انجینئر تک کی حاضری کا میکنزم تیار کیا جائے اور صبح ساڑھے نو بجے حاضری مکمل کرکے رپورٹ دی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سہولیات مہیا کرنے کے لئے تمام وسائل استعمال کئے جائیں اور اس ضمن میں کوئی غفلت ناقابل قبول تصور کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں