غیر قانونی اسلحہ کیسز کی سماعت کیلئے خصوصی عدالتوں کے قیام کا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات کے جلد فیصلوں کے لیے ہر ضلع میں خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ذرائع کے مطابق، یہ عدالتیں اسلحہ کیسز کا ٹرائل 45دن میں مکمل کرنے کی پابند ہوں گی۔ خصوصی عدالتوں کے قیام کے لیے پنجاب حکو مت چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے مشاورت کریگی۔ ہر عدالت میں سیشن یا ایڈیشنل سیشن جج کو پریزائیڈنگ آفیسر مقرر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق، ناجائز اسلحہ کے مقدمات کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی اور دو دن سے زیادہ التوا نہیں دیا جائے گا۔ اگر ملزم یا وکیل پیش نہ ہو تو عدالت سرکاری خرچ پر وکیل مقرر کر کے ٹرائل جاری رکھے گی۔خصوصی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی جا سکتی ہے۔اس اقدام سے غیر قانونی اسلحہ کے مقدمات میں جلد اور موثر فیصلوں کو یقینی بنانے کی توقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں