غیر قانونی مذبح خانہ سے7200کلو مضر صحت گوشت پکڑا گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے نڑوالا روڈ پر غیر قانونی مذبح خانہ پر کامیاب چھاپہ مار کر 7200 کلو مضرصحت گوشت برآمد کر لیا’ پولیو ورکر کے روپ میں ڈاکو حسینا نے خاتون کو لوٹ لیا’ قاتلانہ حملوں میں دو افراد گولیاں لگنے سے ہسپتال پہنچ گئے، چالاک ملزمان کا 4تاجروں کیساتھ اڑھائی کروڑ کا فراڈ’ پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی اور محکمہ لائیوسٹاک کی ٹیموں نے نڑوالا روڈ پر چھاپہ مار کر 7200 کلو انسانی صحت کیلئے مضر گوشت قبضہ میں لیکر تلف کر دیا۔ فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ سدھار کے قریب پولیو ورکر کے روپ میں ڈاکو حسینا نے رخسانہ بی بی کو گاڑی میں لفٹ دیکر لاکھوں کے زیورات اور نقدی چھین کر فرار ہو گئی۔ بٹالہ کالونی کے علاقہ سلیمی چوک میں مقدمہ بازی کی بناء پر ملزمان عثمان وغیرہ نے علی عباس کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ صدر کے علاقہ 209 رب میں معمولی جھگڑے پر ملزمان بلال وغیرہ نے مخالف عادل سلیم کو گولیاں مار کر فرار ہو گئے۔ علاوہ ازیں سوترمنڈی کے تاجر حبیب کا کہنا ہے کہ اس کے واقف کار ملزم منصور نے 2کروڑ کا مال لیکر بدلے میں چیک دیا جو کہ جعلی نکلا۔ ریلبازار کے تاجر بلال امین نے بتایاکہ اس کے جاننے والے ملزم شکیل نے ساڑھے 32لاکھ روپے’ مدینہ ٹائون کے شفیق سے ملزم عبدالرحمن نے 14لاکھ اور کوتوالی روڈ کے تاجر عثمان سے ملزم شفیق نے کاروبار کیلئے 10لاکھ روپے لیکر ہڑپ کر لئے۔ رقم کا مطالبہ کرنے پر ملزمان نے چیک دیئے جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکے۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں