غیر قانونی کمرشلائزیشن کیخلاف کارروائی،26کروڑ52لاکھ ریکوری

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیرقانونی کمرشلائزیشن کے خلاف کارروائی کے دوران اب تک مجموعی طور پر 26کروڑ 52لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی ہے جس میں گزشتہ دو ماہ میں وصول کئے گئے 6کروڑ 42لاکھ روپے کے واجبات بھی شامل ہیں۔ بہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی زیر صدارت اجلاس کے دوران بتائی گئی جس میں غیرقانونی کمرشلائزیشن کے امور کا جائزہ لیاگیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن ودیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کمرشل روڈز کا جامع سروے کرانے کے علاوہ متعلقہ ریکارڈ اور زمینی حقائق کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل بھی مکمل کیا گیا ہے جس کی بدولت غیر قانونی کمرشلائزیشن میں ملوث متعدد جائیدادوں کی نشاندہی ہوئی جن سے مزید چالیس کروڑ روپے کی ریکوری متوقع ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ غیرقانونی کمرشلائزیشن کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے اور سٹاف کو فیلڈ میں متحرک رکھیں اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی یا ملی بھگت کو قطعا برداشت نہیں کیاجائیگا۔ انہو ں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ جائیدادوں کی کمرشلائزیشن سے متعلق موصول ہونیوالی درخواستوں پر تیز رفتار محکمانہ کارروائی کویقینی بنائیں تاکہ منظوری کے عمل میں تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ کمرشلائزیشن فیسوں کے بقایاجات کی ریکوری کیلئے بھی نتیجہ خیز اقدامات کریں اور بار بار نوٹسز جاری کرنے کے باوجود واجبات ادا کرنیوالوں کی جائیدادوں کو سربمہر کر دیاجائے ۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے افسران سے کہا کہ وہ سٹاف کی کارکردگی کی مکمل مانیٹرنگ کریں اور ناقص کارکردگی کے حامل سٹاف کا فوری محاسبہ ہوناچاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں