71

غیر قانونی کمپریسر کی بھر مار سے گیس بحران سنگین ہو گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سردی میں اضافہ ہوتے ہی شہر بھر میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا، گیس کا پریشر پورا کرنے کیلئے شہریوں کی بڑی تعداد نے غیر قانونی طور پر کمپریسر لگوا لئے، محکمہ سوئی ناردرن گیس کا عملہ کمپریسر لگوانے والے صارفین کیخلاف کارروائیاں کرنے میں ناکام ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ کی وجہ سے گیس کی لوڈشیڈنگ کا بحران شدت اختیار کرنے لگا، لوگوں کو دو وقت کا کھانا تیار کرنا بھی ناممکن ہو گیا، طلباء وطالبات’ اساتذہ’ سرکاری وغیر سرکاری اداروں میں کام کرنے والوں سمیت شہری گیس کی بندش کی وجہ سے صبح کو ناشتہ کئے بغیر ڈیوٹی پر جانے پر مجبور ہو گئے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی’ آٹا کی قلت کے باعث شہری پہلے ہی پریشانی کی زندگی بسر کر رہے ہیں اور گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ نے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہونے لگے۔ تاہم شہر بھر کے اکثر علاقوں میں گیس صارفین کی طرف سے گیس کا پریشر بڑھانے کیلئے کمپریسر لگوا رکھے ہیں اور جب گیس آتی ہے تو کمپریسر لگنے سے مذکورہ شہری گیس کھینچ لیتے ہیں جبکہ دیگر گیس صارفین بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ محکمہ سوئی گیس کے عملہ کی طرف سے گھروں میں کمپریسر لگوانے والوں کے خلاف کارروائیاں سے گریزاں نظر آتا ہے۔ ذرائع کے مطابق سوئی گیس کا عملہ کمپریسر لگوانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے مبینہ طور پر مک مکا کر کے نذرانہ وصول کرنے میں مصروف ہے۔ شہری حلقوں نے محکمہ سوئی ناردرن گیس کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ کے جن پر قابو پانے کیلئے صبح شام فراہم کی جانے والی گیس کی فراہمی کے اوقات میں کمپریسر استعمال کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو بلاامتیاز گیس کی فراہمی ممکن ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں