غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف نتیجہ خیز کریک ڈائون کیا جائے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد سلوت سعید نے ایف ڈی اے افسران کو ہدایت کی ہے کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف نتیجہ خیز کریک ڈائون کریں اس سلسلے میں ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کی طرف سے انہیں تمام تر انتظامی،قانونی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائیگی۔ انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس میں ایف ڈی اے کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کے مالیاتی امور،ریکوری مہم، غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کارروائیوں، ترقیاتی منصوبوں، شہری ترقی کے نئے اقدامات، مستقبل کے منصوبوں اور بعض مسائل کے بار ے میں بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ، چیف انجینئر مہرایوب، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹان پلاننگ اسما محسن و دیگرافسران نے اجلاس میں شرکت کی۔کمشنر نے حکم دیا کہ غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کی فہرست اور ان کے خلاف آپریشن کیلئے درکار سپورٹ کے بارے میں ایکشن پلان تیار کرکے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کو بھجوائیں جو انہیں پولیس،اسسٹنٹ کمشنر اور درکار مشینری سمیت دیگر انتظامی و قانونی معاونت فراہم کرینگے۔انہوں نے ایف ڈی اے، پی ایچ اے، ضلعی انتظامیہ اوردیگر متعلقہ اداروں کی طرف سے مربوط حکمت اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون کی عملداری یقینی،عوامی حقوق اور ان کے سرمایہ کے تحفظ کیلئے غیرقانونی ہائوسنگ سکیموں کا مسئلہ مکمل طور پر ختم ہونا چاہیے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں