غیر قانونی LPGریفلنگ کرنیوالوں کیخلاف کارروائیاں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سول ڈیفنس فیصل آباد کی انفورسمنٹ ٹیم نے غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ کے کاروبار میں ملوث دکانداروں کیخلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لاتے ہوئے 19 دکانو ں کو سیل جبکہ 17مالکان کا ریفلنگ ساما ن قبضہ میں لے لیا گیا۔سول ڈیفنس افیسر رانا عباس کی زیر نگرانی سول ڈیفنس انفورسمنٹ ٹیم نے پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کے رضاکاروں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں کیں جن میں جواد ایل پی جی شاپ بھٹہ سٹاپ، ظہیر ایل پی جی شاپ گلفشاں کالونی جھنگ روڈ، علی ایل پی جی شاپ نیٹھری جڑانوالہ روڈ، آصف ایل پی جی شاپ ککوآنہ جڑانوالہ، جاوید ایل پی جی شاپ بجلی گھر سٹاپ جڑانوالہ روڈ، امتیاز، آکاش، عباس ایل پی جی شاپس 208 چک روڈ، اور محسن، سوہنے خان، زبیر خان ایل پی جی شاپس راجباہ روڈ شامل ہیں۔سول ڈیفنس ٹیم نے سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ تمام دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ 17 مالکان کا غیر قانونی ریفلنگ کا سامان مزید کارروائی کے لئے ضبط کر لیا گیا۔علاوہ ازیں ایک مالک سبطین علی کے خلاف سیل ٹیمپرنگ کے جرم میں مقدمہ درج کرا دیا گیا۔رانا عباس نے بتایا کہ تمام دکاندار رہائشی علاقوں میں غیر قانونی طور پر ایل پی جی کی ریفلنگ کر رہے تھے جو نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی جانوں کے لیے بھی شدید خطرہ ہے۔ کارروائی کا مقصد عوام الناس کے تحفظ کو یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ کے خلاف کریک ڈان روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے اور کسی کو بھی عوامی تحفظ کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سول ڈیفنس فیصل آباد شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ کسی بھی مشتبہ یا غیر قانونی ایل پی جی ریفلنگ کی اطلاع فوری طور پر محکمے کو فراہم کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں