3

فائر سیفٹی ضوابط پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی

سرگودھا (بیورو چیف) عوام کے جان و مال کے تحفظ اور فائر سیفٹی اقدامات کو عملی شکل دینے کے لیے ریسکیو 1122 کی جانب سے یونیورسٹی روڈ پر واقع کمرشل مال رحمن ٹریڈ سنٹر میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ موک ایکسرسائز کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 مظہر شاہ نے کی، جبکہ ریسکیو1122 کے فائر فائٹرز اور ایمرجنسی ٹیموں نے بھرپور عملی مظاہرہ کیا ۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد وسیم نے موقع پر پہنچ کر موک ایکسرسائز کا معائنہ کیا اور ریسکیو1122 کی پیشہ ورانہ تیاری اور بروقت رسپانس کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام کمرشل عمارتوں، مارکیٹوں اور ہائی رائز بلڈنگز میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی، کلیئر ایگزٹ و انٹری پوائنٹس اور حفاظتی سائن ایج کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فائر سیفٹی ضوابط پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی اور متعلقہ ادارے باقاعدگی سے فائر ڈرلز اور موک ایکسر سائزز کا انعقاد کریں۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شیریں گل بھی موجود تھیں۔ انہوں نے انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے درمیان مؤثر کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا اور کہا کہ عوامی مقامات پر فائر سیفٹی کے حوالے سے آگاہی انتہائی ضروری ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد کسی بھی ممکنہ آتشزدگی کی صورت میں فوری رسپانس، ریسکیو آپریشن اور فائر فائٹنگ کے طریقہ کار کو جانچنا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں