گوجرانوالہ(نامہ نگار)فرحت شہزادی عرف فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کیخلاف تھانہ صدر میں فراڈ اور دھوکا دہی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں مسلم لیگ (ن)کے سابق صوبا ئی وزیر چوہدر ی اقبال گجر کو بھی نامزد کیا گیا ہے، چوہدری اقبال گجر فرح گوگی کے سسر اور احسن جمیل کے والد ہیں۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں چوہدری اقبال گجرکے بیٹے، بھائی اور بھتیجے بھی نامزد ہیں جبکہ سوسائٹی کے منیجر اور ملازمین بھی ملزم نامزد ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق سوسائٹی 2005میں بنائی گئی، جی ڈی اے سے پی ٹی آئی دور حکومت میں منظوری لی گئی، ملزمان نے سوسائٹی میں پارک، اسکول اور قبرستان کے لیے مختص اراضی کو فروخت کیا۔ایف آئی آر میں کہا گیاکہ ملزمان نے جعلی دستاویزات تیار کرکے سرکاری اراضی فروخت کی۔




