فلائٹ آپریشن درہم برہم

اسلام آباد (بیوروچیف) مشرقِ وسطی میں کشیدہ جنگی صورتحال کے باعث پاکستان سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے، اور مختلف ایئرلائنز کی درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آج ملک بھر سے مشرقِ وسطی کے لیے آنے جانے والی تقریبا 70 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ منسوخ ہونے والی پروازوں میں پی آئی اے، ایئر بلیو ، ایئر سیال ،فلائی جناح ،ایئر عربیہ سمیت دیگر ایئرلائنز شامل ہیں۔اس کے علاوہ کویت، ایران، عراق اور خلیجی ممالک کی متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازیں بھی منسوخ کی گئی ہیں۔لاہور ایئرپورٹ پر صورتحال نسبتا بہتر رہی، جہاں آج صرف دوحہ اور دبئی کی 4 پروازیں منسوخ ہوئیں۔کراچی ایئرپورٹ سے دوحہ، کویت، بحرین، ایران اور ریاض کے لیے 26 دوطرفہ پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ اسلام آباد ایئرپورٹ سے دبئی، دوحہ، بحرین، شارجہ اور مسقط کے لیے 24 پروازیں منسوخ رہیں۔پشاور ایئرپورٹ پر دوحہ، شارجہ، دبئی اور ابوظہبی کی 8 پروازیں منسوخ کی گئیں، جبکہ سیالکوٹ ایئرپورٹ سے دبئی اور شارجہ کی 4 پروازیں منسوخ ہوئیں۔ایوی ایشن حکام کے مطابق گزشتہ 35 دنوں کے دوران پاکستان سے مشرقِ وسطی کے لیے منسوخ ہونے والی پروازوں کی مجموعی تعداد 2670 تک پہنچ چکی ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں