فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی،فیصل آباد اور دیگر شہروں میں ہڑتال

فیصل آباد، کمالیہ، چنیوٹ، جڑانوالہ، سرگودھا، شورکوٹ، تاندلیانوالہ (سٹاف رپورٹر، نمائندگان) اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے فیصل آباد سمیت گرد و نواح میںہڑتال، صہیونی جارحیت کیخلاف ریلیاں، مظاہرین کے پر جوش نعرے، عالمی اداروں اور عالم اسلام کو فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے موثر تین حکمت عملی بنا کر اس پر مکمل عملدرآمد کرنا چاہیے۔مقررین کا خطاب، تفصیل کے مطابق جماعت اسلامی کی اپیل پر آج فیصل آباد اور دیگر علاقوں میں شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی چوک گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھ بازار بند رہے جبکہ شہر کے دیگر علاقوں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہڑتال کی گئی۔ علاوہ ازیں کمالیہ میں فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کاروباری مراکز اور ادارے بند رہے ، جھنگ میں فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے ریلی نکالی گئی۔ اور شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی، شور کوٹ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، تاندلیانوالہ اور دیگر علاقوں میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے شٹر ڈائون ہڑتال کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اگر ہمیں اپنے فلسطینی بھائیوں کی امداد کے لیے غیر معینہ مدت کے لیے بھی ہڑتال کرنی پڑی تو کرینگے، جس طرح غزہ میں نہتے مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے وہ لمحہ فکریہ ہے ،اس وقت جس ظلم و بربریت کا مظاہرہ فلسطین میں ہو رہا ہے وہ عالمی برادری کے لیے ناقابل برداشت ہونا چاہیے، پاکستان کا بچہ بچہ اہل غزہ سے محبت اور اسرائیل سے نفرت کا اظہار کرتا ہے۔ عالمی برادری اور عالم اسلام کو مظلوم فلسطینیوں کو ظلم و بربریت سے نجات دلانے کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں