فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فیصل آباد میں شٹر ڈاؤن ہڑتال

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی بربریت کیخلاف فیصل آباد بھر میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال’ فیصل آباد کی تمام تاجر برادری’ صحافیوں’ وکلائ’ سول سوسائٹی اور ہر طبقہ فکر سے وابستہ افراد سراپا احتجاج، احتجاجی ریلیاں’ جگہ جگہ کیمپ لگائے گئے، مثالی نظم وضبط کا مظاہرہ’ غزہ میں اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت’ پوری قوم مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ ہے، اسلامی ممالک کے حکمران اور عالمی برادری اسرائیل کو لگام ڈالنے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں، اسرائیل انسانیت کا قاتل ہے، غزہ کے مظلوم لوگوں کے ساتھ تعاون کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے، ستر ہزار فلسطینی شہید ہو چکے، عورتیں اور بچے بھی شہید ہو رہے ہیں، تمام ہسپتال بھی تباہ کر دیئے گئے’ اسرائیل کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا، اسلامی ممالک اور عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے، مقررین کا خطاب۔ تفصیل کے مطابق سپریم انجمن تاجران (رجسٹرڈ) فیصل آباد’ انجمن تاجران سٹی (رجسٹرڈ) فیصل آباد’ انجمن تاجران سٹی (رجسٹرڈ) الائیڈ گروپ’ انجمن تاجران ستیانہ روڈ فیصل آباد اور شہر بھر کی تاجر تنظیموں کے متفقہ فیصلہ کی روشنی میں فیصل آباد بھر میں آج مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی گئی، فلسطین میں اسرائیلی بربریت کیخلاف کی جانیوالی اس ہڑتال میں تاجروں’ صحافیوں’ وکلائ’ سول سوسائٹی سمیت شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیا، چوک گھنٹہ گھر میں احتجاجی کیمپ لگائے گئے، شہر بھر سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، آٹھ بازاروں’ ملحقہ مارکیٹوں’ ستیانہ روڈ’ ریکس مارکیٹ’ جڑانوالہ’ روڈ’ جناح کالونی’ غلہ منڈی’ جھنگ روڈ’ غلام محمد آباد’ ڈجکوٹ روڈ’ سمن آباد’ نڑوالا روڈ’ حاجی آباد’ منصورآباد’ سرگودھا روڈ’ طارق آباد’ عبداﷲ پور’ ڈی گرائونڈ’ ریلوے روڈ اور المدینہ کمرشل مارکیٹ گنیش مل روڈ سمیت شہر کے تمام علاقوں میں مکمل شٹرڈائون ہڑتال رہی، چیئرمین محمد امین بٹ کی زیرقیادت سپریم انجمن تاجران فیصل آباد (امین بٹ گروپ) کا بھی مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی’ شٹرڈائون ہڑتال’ ریلی نکالی گئی اور احتجاجی کیمپ لگائے گئے، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد نے بھی غزہ میں ظلم وجبر کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی، وکلاء عدالتوں میں بھی پیش نہیں ہوئے اور مکمل ہڑتال کی گئی۔ غلہ منڈی اور سوترمنڈی بھی مکمل طور پر بند رہی اور انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کی طرف سے فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کیلئے ریلی بھی نکالی گئی، فیصل آباد بھر کی تاجر تنظیموں کی طرف سے آج مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی گئی، غزہ میں اسرائیلی ظلم وبربریت کیخلاف ضلع کونسل چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ میاں عبدالمنان’ الحاج محمد اسلم بھلی’ چوہدری پرویز اقبال کموکا’ رانا ایوب منج’ شیخ سعید احمد’ مرزا اشرف مغل’ محمد یوسف موتی اور دیگر تاجر راہنمائوں کی زیرقیادت احتجاجی ریلی ضلع کونسل چوک سے کچہری بازار اور وہاں سے چوک گھنٹہ گھر پہنچی، اس بہت بڑی ریلی میں شامل افراد نے احتجاجی مارچ کیا، چوک گھنٹہ گھر میں احتجاجی دھرنا بھی دیا گیا، تاجر رہنمائوں نے اپنے خطاب میں اقوام عالم پر زور دیا کہ اسرائیلی مظالم کو روکنے کیلئے متفقہ لائحہ عمل اپنایا جائے، اس موقع پر اسرائیلی ظلم وبربریت کی شدید مذمت کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں