فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کیخلاف مظاہرے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کی اپیل پراسرائیلی دہشت گردی کے خلاف فیصل آباد سمیت ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا اورمظاہرے کئے گئے مساجد میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں ، لاہور مال روڈپر ریلی نکالی گئی ، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے گئے ، جے یو آئی نے بھی لاہورمیں مظاہرہ کیا،تمام ضلعی ہیڈکوآٹرز، لاہور، اسلام آباد،پشاور،کراچی ،سکھر ،ملتان، کوئٹہ، قلات،مانسہرہ،حیدرآباد، پشین لاڑکانہ اور دیگر شہروں میں ریلیاں اوراحتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ لاہور دبئی چوک علامہ اقبال ٹان میں دھرنا دیا گیا۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی سربراہی میں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام یکجہتی غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل ہمارے بچوں کو قتل کر رہا ہے ، حملوں سے بچے ہوا میں اچھلتے اور ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتے ہیں، نیتن یاہو سن لو ہمارے ایک ایک بچے کے خون کا بدلہ امت مسلمہ لے گی، انتقام لیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل جہادیوں کا مقابلہ نہیں کر سکتا وہ صرف بمباری سے بچوں خواتین ، صحافیوں کو قتل کر سکتا ہے ، اسرائیل جب آگے بڑھتا ہے تو ان کے فوجیوں کو جہنم واصل کیا جاتا ہے ۔نعیم الرحمن نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں و اپوزیشن کے منہ میں چھالے کیوں پڑ گئے ، امریکا سے مطالبہ کیوں نہیں کرتے تم بچوں کے قاتلوں کی سپورٹ کر رہے ہو۔ وزیراعظم، صدر کو کہتا ہوں جب بچے و خواتین قتل ہو رہے تھے تو کچھ نہیں بول رہے تھے ، تاریخ آپکا نام بزدلوں کی صفوں میں لکھ دے گی۔ان کا کہنا تھا 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ ہوگا، حکمرانوں کو کہتے ہیں ہوش کے ناخن لو۔حکمرانوں نے اسرائیل کی حمایت کی بات کی تو تمہیں عبرت کا نشان بنا دیں گے ۔ نائب امیر جماعت لیاقت بلوچ نے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ہو یا فلسطین، جماعت اسلامی نے ہمیشہ آواز بلند کی، اسرائیل کو شکست ہوئی تو ڈونلڈ ٹرمپ اور یہودی لابی نے اس شکست کو قبول کرنے پر دوبارہ فلسطینیوں پر بمباری شروع کر دی انھوں نے کہا کہ فلسطین ہمارا ایمانی و انسانی اخلاقی معاملہ ہے اس پر کسی صورت دستبردار نہیں ہو سکتے ، امریکی ایما پر اسرائیل پھرغزہ میں ظلم کر رہا ہے ، اس سے دنیا میں نفرت پیدا ہوگی۔ پاکستان، ایران، ترکی، انڈونیشیا، ملائشیا، سعودی عرب اور قطر کو مل کر لائحہ عمل بنانا ہوگا،عالم اسلام متحد ہو جائے ۔ لاہور میں جے یو آئی نے بھی ریلی نکالی ، شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت حد سے بڑھ چکی ہے کفر کی طاقتیں اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کررہی لیکن مسلم امہ کے حکمران، او آئی سی خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صرف مذمتی بیانات اسرائیلی جنگی جہازوں کو نہیں موڑ سکتے ، تمام اسلامی ممالک کو دوٹوک حکمت عملی اپنانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلاکر اسرائیلی درندگی کے خلاف قرارداد منظور کریں اور غزہ کے مجاہدین کی حمایت اسرائیل اور اس کے سر پرستوں کے خلاف بڑی ریلی کی قیادت کریں ۔امت مسلمہ مظلوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی،امریکا ،برطانیہ،انڈیا فلسطینیوں کی نسل کشی میں اسرائیلی درندوں کے ساتھ برابر کا ملوث ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں