فلم ویرزارا کی آفر کیوں ٹھکرا دی تھی’ نادیہ جمیل کا انکشاف

کراچی (شوبز نیوز) معروف پاکستانی اداکارہ نادیہ جمیل نے بالی وڈ اسٹار شاہ رخ خان کی 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ویر زارا کی آفر ٹھکرانے کی اصل وجہ بتا دی۔نادیہ جمیل نے نجی نیوز چینل پر رمضان کی خصوصی نشریات کے دوران اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں کیے گئے مشکل فیصلوں کے بارے میں بات کی۔نامور اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک بار بالی وڈ کی بلاک بسٹر فلم ویر زارا میں کام کرنے کی پیشکش صرف اس لیے ٹھکرا دی تھی کیونکہ وہ اپنے نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کرنا چاہتی تھیں۔پیشکش کے بارے میں بات کرتے ہوئے نادیہ جمیل نے بتایا کہ فلم میں ایک کردار کیلیے ان سے رابطہ کیا گیا تھا اور بات چیت تقریبا فائنل ہو چکی تھی لیکن اس وقت انہوں نے اپنے پہلے بیٹے کو جنم دیا تھا۔معروف اداکارہ نے وضاحت کی کہ ان کا بیٹا محض چند ماہ کا تھا اور وہ اس دوران اس کے ساتھ رہنے کو بہت ضروری سمجھتی تھیں، ان کے خاندان نے ان کے کیریئر کی حمایت کی اور انہیں اس موقع کو قبول کرنے کی ترغیب بھی دی۔گھر والوں کی حوصلہ افزائی کے باوجود انہوں نے اس پراجیکٹ سے پیچھے ہٹنے اور اپنی توجہ ماں بننے پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا۔نادیہ جمیل نے بتایا کہ لوگوں نے مجھ سے کہا کہ اتنی بڑی فلم کو نا کہنے سے میرے کیریئر کو نقصان پہنچ سکتا ہے لیکن میں نے اپنے بچے کے ساتھ رہنے کا انتخاب کیا۔فلم ویر زارا 2004 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے ہدایتکار یش چوپڑا تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں