فن لینڈ میں 12سالہ بچی جھولے سے گر کر جاں بحق

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ سول لائن کے علاقہ اقبال سٹیڈیم کے قریب مشہور تفریح گاہ فن لینڈ میں ڈسکوری جھولے سے گر کر 12سالہ بچی زندگی کی بازی ہار گئی، سول لائن پولیس نے متوفی بچی کے والد غلام مصطفی کی مدعیت میں فن لینڈ کے منیجر’ جھولا آپریٹر اور ٹھیکیدار قیصر زمان کیخلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی ہے۔ تفصیل کے مطابق ستیانہ روڈ پر واقع ڈاکٹر سٹی کا رہائشی غلام مصطفی نے بتایا کہ اسکی 12سالہ بچی حمنہ مصطفی اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ اقبال سٹیڈیم سے ملحقہ فن لینڈ میں تفریح کے لیے پہنچے تو حمنہ مصطفی دیگر بچوں کے ہمراہ ڈسکوری جھولہ میں سوار ہو گئی تو جھولہ آپریٹر نے بغیر حفاظتی اقدامات کئے جھولہ کو سٹارٹ کر دیا تو جھولہ گھومنے کے دوران بچی کا توازن بگڑ گیا اور وہ چلتے جھولے سے گر کر بری طرح زخمی ہو گئی تو جھولہ آپریٹر بچی کو گرتے دیکھ کر ڈسکوری جھولہ چھوڑ کر فرار ہو گیا اور موقع پر موجود منیجر اور ٹھیکیدار کے کہنے کے باوجود جھولا نہ روکا تو بچی حمنہ کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی، جس پر سول لائن پولیس نے نعش کو تحویل میں لیکر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں