130

فوج پر الزام تراشی مسترد (اداریہ)

کورکمانڈر کانفرنس میں شرکاء نے الیکشن کے معاملہ میں الزام تراشی کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسلح افواج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا مشکلات کے باوجود مسلح افواج نے الیکشن کے دوران الیکشن کمیشن کی ہدایت کی روشنی میں محفوظ ماحول فراہم کیا، دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق مسلح افواج نے ذمہ داری کے ساتھ انتخابات میں سکیورٹی ماحول فراہم کیا، الیکشن 2024ء میں مسلح افواج نے مینڈیٹ کے مطابق عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا مگر کچھ عناصر کی جانب سے الزام تراشی کی جا رہی ہے جو قابل مذمت ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت 263 ویں کانفرنس ہوئی جس میں شرکاء نے ملک میں امن واستحکام یقینی بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے مسلح افواج کے افسران’ جوانوں’ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا فورم نے عزم کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشت گردوں’ ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی، فورم نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ کچھ مخصوص سیاسی عناصر سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ پروگراموں میں مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات لگا کر مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں فورم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عسکری قیادت چیلنجز اور خطرات سے پوری طرح باخبر ہے اور پاکستان کے عوام کی حمائت کے ساتھ اپنی آئینی ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے پُرعزم ہے، فورم نے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے اور سماجی واقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا جبکہ اسمگلنگ’ ذخیرہ اندوزی’ بجلی چوری’ ون ڈاکومنٹ رجیم اور تمام غیر قانونی تارکین کی باعزت واپسی اور محفوظ وطن واپسی سمیت تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں بھرپور مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا وزیراعظم پاکستان کے عزم کے مطابق فورم نے اعادہ کیا کہ 9مئی کے منصوبہ سازوں’ اشتعال دلانے والوں’ حوصلہ افزائی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور اس حوالے سے مسخ شدہ ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بے سود ہیں جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصول کیلئے منظم مہم کا حصہ ہیں تاکہ 9مئی کی گھنائونی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جا سکے، عوام متحد اور مثبت رہیں، فورم نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے معاشرے میں مایوسی اور تقسیم ڈالنے کے لیے پھیلائی جانے والی منظم جھوٹی اور جعلی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ مثبت اور متحد رہیں اور ملک کی تعمیر وترقی میں دل وجان سے حصہ لیں، شرکاء نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ”پاک فوج پائیدار استحکام، خوشحالی اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع اور خدمت ہر ممکن طریقے سے جاری رکھے گی،، الیکشن 2024ء کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بعض سیاسی عناصر کی جانب سے پاک فوج پر الزام تراشی افسوسناک ہے پاک فوج نے اس کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسلح افواج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا افواج نے الیکشن کمیشن کی ہدایت کی روشنی میں الیکشن کے دوران محفوظ ماحول فراہم کیا، سوشل میڈیا پر بغیر سوچے سمجھے الزامات لگانے والوں کو اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہیے پاک فوج نے ہمیشہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھایا ہے پاک فوج کی جانب سے 9مئی کے منصوبہ سازوں’ اشتعال دلانے والوں’ حوصلہ افزائی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون اور آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لانے کا فیصلہ قابل ستائش ہے، اندرون اور بیرون ملک رہنے والے ایسے افراد جو سوشل میڈیا پر مایوسی پھیلانے کیلئے سرگرم ہیں ان کا محاسبہ ہونا ضروری ہے اور ان کو قانون کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے کتنے افسوس کی بات ہے کہ سوشل میڈیا پر بے سروپا خبریں پھیلانے والوں کو اپنے وطن عزیز میں نفرت کے بیج بونے میں شرم محسوس ہونی چاہیے افواج پاکستان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں افواج پر الزام تراشی کرنیوالے اپنے ارادوں سے باز رہیں یہ ان کے لیے بہتر ہے بصورت دیگر جب ملک کے آئین وقانون کے مطابق کارروائی ناگزیر ہو گی ضرورت اس امر کی ہے کہ ایسی سرگرمیوں میں ملوث عناصر ملک کے اہم اداروں پر بلاجواز تنقید نہ کریں عوام میں مایوسی پھیلانے کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال ترک کر کے ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں