چنیوٹ (نامہ نگار)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غذائی دہشتگردی کیخلاف ایک بار پھر بڑی کارروائی کرکے بیمار جانور کے گوشت کی سپلائی ناکام بنا دی۔خفیہ اطلاع پر طویل ریکی کے بعد جھمرہ روڈ نزد کینیڈا کالونی پرکارروائی عمل میں لائی گئی۔لوڈر رکشہ سے پانچ من وزن کی پہلے سے غیر قانونی طور پر ذبح کی گئی بیمار بھینس برآمد جسکے گوشت کو فروخت کی غرض سے لیجایا جارہا تھا۔ ویٹرینری سپیشلسٹ ڈاکٹر عبدالباسط کی رپورٹ کے مطابق گوشت انسانی استعمال کیلئے انتہائی نقصان دہ قرار دیا گیا۔پانچ من سے زائد بدبو دار،غیر معیاری اور انتہائی مضرصحت گوشت کی حامل بھینس کو تلف کردیا گیا۔ملزمان کیخلا ف پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2011ترمیم شدہ 2016 کی دفعات اور سلاٹر کنٹرول ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر محمد قاسم رضا نے بتایاکہ شہریوں کو خالص،صحت بخش اور صاف خوراک کی فراہمی کے لئے صحت دشمن عناصر کیخلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔




