فوڈ اتھارٹی ٹیموں کی عدم دلچسپی سے ٹوبہ میں غیر معیاری اشیاء کی فروخت

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ، پنجاب فوڈ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی مبینہ غفلت کے باعث شہر میں مضر صحت کھانے پینے کی اشیا کی سرِعام فروخت جاری ہے جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران چٹخارے دار اشیا جیسے سموسے، پکوڑے، کچوریاں، دہی بھلے اور فروٹ چاٹ کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔ تاہم متعدد دکانوں اور ٹھیلوں پر ناقص اور غیر معیاری اجزا استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سڑک کنارے لگے ٹھیلوں پر فروخت ہونے والی اشیا کو ڈھانپنے کا مناسب انتظام بھی نہیں کیا جاتا جس کے باعث مکھیاں، گرد و غبار اور گاڑیوں کے دھوئیں سے یہ اشیا آلودہ ہو جاتی ہیں اور انسانی صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہیں۔عوامی حلقوں نے کمشنر فیصل آباد اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ مضر صحت اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں