فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی

لاہور(بیوروچیف) رمضان المبارک میں سپلائی کیلئے تیار ہونے والی جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر باگڑیاں میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گرینڈ آپریشن کیا ۔ اس دوران 1300 لیٹر تیار اور 1800 خالی بوتلیں ضبط کر کے مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔جعلی لیبل، 4ڈرم، سلنڈر، فلنگ پمپ، کولنگ سسٹم، ڈھکن،وزن کانٹا اور خام مال بھی ضبط کیا گیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا، جعلی کولڈ ڈرنکس غیر فلٹر شدہ نل کے پانی، کھلے رنگ، فلیور اور ممنوعہ اجزا سے تیار کی جارہی تھیں،یونٹ میں مختلف برانڈز کی جعلی بوتلیں تیار کی جارہی تھیں،بغیر منظور شدہ فارمولا تیار جعلی کولڈ ڈرنکس کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر ثابت ہوتا ہے۔انہوں نے کہاکہ صفائی کے ناقص انتظامات،تیار محلول بغیر ڈھانپے ممنوعہ نیلے ڈرموں میں رکھا پایا گیا،جعلسازی کا مکروہ دھندہ رہائشی علاقے میں چھپ کر کیا جا رہا تھا،ویجی لینس ٹیم نے سپلائی چین کی ریکی کر کے یونٹ کا پتہ لگایا ۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام پر جعلی کاروبار کرنے والوں کو ہر صورت پنجاب سے نکال بھگائیں گے، وزیر اعلی کے حکم پر پنجاب بھر سے صحت دشمن عناصر کا ہر حربہ ناکام بنا کر قلع قمع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں