ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایات پر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراک فروخت کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈان جاری ہے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے احکامات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز یاسر مشتاق کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے شہر بھر میں 90 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی، جن میں سے 12 پوائنٹس پر قواعد کی خلاف ورزی پر 1لاکھ 84ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق چکن شاپ سے مضر صحت گوشت کی برآمدگی پر مقدمہ درج کروا دیا گیا، جبکہ کارروائی کے دوران 60 لیٹر ناقص دودھ، 52 کلو غیر معیاری گوشت، 30 کلو ایکسپائر اشیا اور ناقص آئل تلف کیا گیا۔گوجرہ میں ناکہ بندی کے دوران 40 دودھ بردار گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا جن میں موجود 10 ہزار لیٹر دودھ کو لیکٹوسکین ٹیکنالوجی سے چیک کیا گیا تاکہ شہریوں کو خالص دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سینئر ویٹرنری سپیشلسٹ نے ضبط شدہ گوشت کو انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا۔



