فوڈ سیفٹی ٹیموں کے چھاپے،350کلو مضر صحت گوشت تلف

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایات پر گوجرہ اور رجانہ میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کریک ڈاون کرتے ہوئے مضر صحت گوشت سپلائی کی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن یاسر مشتاق کی زیر قیادت کی گئی۔کارروائی کے دوران رجانہ میں لوڈر رکشہ سے چھپایا گیا مردہ جانور برآمد کیا گیا، جبکہ گوجرہ میں ایک غیر قانونی مذبح خانے سے ناقص گوشت برآمد ہونے پر مقدمہ درج کروا دیا گیا۔ مجموعی طور پر 350 کلو گرام مضر صحت گائے کا گوشت موقع پر تلف کر دیا گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق چیکنگ کے دوران سپلائر کے پاس لازمی ریکارڈ اور دستاویزات موجود نہیں تھیں، جبکہ ویٹرنری ماہرین نے موقع پر مرغیوں کو ناقابل استعمال قرار دیا۔ خفیہ اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کی گئی تاکہ مردہ جانوروں کا گوشت شہریوں تک نہ پہنچ سکے۔محمد عاصم جاوید نے کہا کہ بیمار جانوروں کا گوشت نہ صرف صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ موذی امراض کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک میں جعلسازی ایک قومی جرم ہے اور اس میں ملوث عناصر زیادہ منافع کے لالچ میں انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔انہوں نے شہریوں کو متنبہ کیا کہ پہلے سے تیار یا مشکوک گوشت ہرگز نہ خریدیں اور مشتبہ سرگرمی کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر معیاری خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ٹیمیں صوبہ بھر میں مسلسل چیکنگ کر رہی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں