اسلام آبا د(سپورٹس نیوز) پاکستان فٹبال فیڈریشن کی انوکھی منطق سامنے آگئی، پاکستانی نژاد پلیئرز کو غیر ملکی بنادیا۔ذرائع کے مطابق قومی ویمن چیمپئن شپ میں غیر ملکی پلیئرز کے طور پر صرف پاکستانی نژاد پلیئرز کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق قومی ویمن چیمپئن شپ کے قوانین میں ہر ٹیم کو دو غیر ملکی پلیئرز شامل کرنے کی اجازت تھی، اس سلسلے میں ٹیموں نے ریگیولیشن پر وضاحت مانگی تو بتایا گیا کہ غیر ملکی پلیئرز کا مقصد پاکستانی نژاد کھلاڑی ہیں۔ذرائع کے مطابق پی ایف ایف نے ٹیموں کو پیغام دیا کہ وہی پلیئرز غیر ملکی پلیئرز کے طور پر کھیل سکتے ہیں جن کے پاس نائیکوپ یا پاکستانی پاسپورٹ ہوگا۔ پی ایف ایف نے اپنے پیغام میں واضح کہا کہ پاکستانی شناختی دستاویزات کے بغیر کسی پلیئر کو قومی ویمن چیمپئن شپ کھیلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
