56

فیسکو ریجن میں آخری بجلی چور پکڑے جانے تک مہم جاری رہے گی ‘ چیئر مین فیسکو ملک تحسین اعوان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین فیسکو (واپڈا) ملک تحسین اعوان نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی اطلاع دینے پرنقدانعام دیاجائے گا۔ فیسکو ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین فیسکوملک تحسین اعوان نے کہا کہ بجلی چوروںکے خلاف جاری خصوصی مہم میں عوام کی شمولیت کے لئے بجلی چوری کی اطلاع دینے والوں کے لئے ریوارڈپالیسی متعارف کروائی گئی ہے،بجلی چوری کی اطلاع دینے والے شہری کو ریکوری کی رقم کا دس فیصد انعام دیا جائے گااور بجلی چوروں کی نشاندہی کرنے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا جب کہ بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے والی فیسکو ٹیموں کے عملہ کو بھی انعام دیا جائے گا۔ ریوارڈپالیسی کے تحت بجلی چوری کی اطلاع دینے شخص یا ایجنسی کو چوری کی وصولی کا 10فیصد،ایس ڈی او ،ٹاسک فورس ٹیم کو 2فیصد،ایکسئین،آراو،ٹاسک فورسز کو1فیصد،سرکل کی سطح پر ایس ای ،ٹاسک فورس کو 1فیصداورہیڈ کوارٹرزکے سٹاف کو 1فیصد انعام دیا جائے گا،مستقل طورپر کٹے ہوئے کنکشن یا دہندگان سے ریکوری کرنے پر سب ڈویژن سٹاف کو 4فیصد،ڈویژن کو 2فیصد،سرکل کو 2فیصداورہیڈکوارٹرزسٹاف کو 2فیصدانعام دیاجائے گا،ملک تحسین اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی ہدایت پر بجلی چوروں کے خلاف فیسکو کی مہم آٹھوں اضلاع فیصل آباد،چنیوٹ،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ،خوشاب،سرگودھا،میانوالی اوربھکر میں جاری ہے اور اس مہم کے دوران کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جارہی اور نہ ہی برتی جائے گی،فیسکو کی خصوصی ٹاسک فورسز دن اور رات کے اوقات میں کارروائیاں کررہی ہیں،ان کارروائیوں کے دوران فیسکو ٹیموں اور ان کے عملہ پر فائرنگ بھی کی گئی لیکن اس کے باوجود یہ مہم جاری رہے گی،فیسکو کو ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھرپورمعاونت حاصل ہے اور اس سلسلہ میں فیسکو ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے،ملک تحسین اعوان نے بتایا کہ ایک سال سے زائد فیسکو کے مستقل کٹے ہوئے کنکشنز اور نادہندگان کی تعداد 25066ہے اور ان کے ذمہ 84کروڑ93لاکھ روپے کے واجبات ہیں،بجلی چوری کے خلاف جاری مہم میں 15روزکے دوراناب تک 1333بجلی چوری کے کیسز سامنے آئے ہیں،1200مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے،135بجلی چوروں کو گرفتارکرکے انہیں 37لاکھ33ہزارسے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس ڈالے گئے ہیں جبکہ جرمانے کی مالیت16کروڑ36لاکھ سے زائد ہے،مذکورہ بجلی چوری کے کیسز میں1264گھریلو،39کمرشل،26زرعی اور4 صنعتی صارفین شامل ہیں جن کے میٹرزاورٹرانسفارمرز اتارلئے گئے ہیں۔ڈیفالٹرزسے روزانہ کی بنیاد پر ریکوری کی جارہی ہے اور اب تک 18کروڑ68لاکھ روپے کی ریکوری کی جاچکی ہے ان میں رننگ ڈیفالٹرزسے3 کروڑ64 لاکھ سے زائد جبکہ مستقل نادہندگان سے10 کروڑ56 لاکھ سے زائد کی ریکوری کر لی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صارفین کو ریلیف کے لئے تقریبا چارکروڑ روپے کی ادائیگی میں صارفین کو قسطوں کی سہولت دی گئی ہے۔فیسکو کا عزم ہے کہ بجلی چوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گااورآخری بجلی چور کی گرفتاری تک یہ مہم جاری رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں